نئی دہلی : (پریس ریلیز) نئی دہلی میں قائم الٹرنیٹ پریس کی زیر اہتمام ۲۱؍اپریل ۲۰۱۹ کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے مرکز میں کتاب کے رسم اجرا کا پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں معروف دانشوران و سماجی کارکنان کی موجودگی میں ’’اسلام: آئڈیالوجی، مشن ، مومینٹ‘‘ کے نام سے دو زبانوں انگریزی اور ہندی میں ایک نئی شائع کردہ کتاب کا اجرا کیا گیا۔
کتاب کا تعارف پیش کرتے ہوئے الٹرنیٹ پریس کے ڈائرکٹر، پرویز احمد نے بتایا کہ یہ کتاب کسی ایک فرد کی تصنیف نہیں ہے، بلکہ یہ مختلف سیشنوں میں ہوئے سلسہ وار مذاکروں اور مباحثوں کا نتیجہ ہے، جس میں متعدد نامور دانشوران و قائدین نے حصہ لیا۔ انگریزی اور ہندی کے علاوہ اس کتاب کو پانچ دیگر ہندوستانی زبانوں اردو، بنگالی، ملیالم، کنّڑ اور تمل میں بھی شائع کیا گیا ہے۔
پروگرام کے دوران تمام ہی مقررین نے کتاب میں شامل کئے گئے نکات کو سراہا اور اس کتاب کو زیادہ سے زیادہ مسلمانوں تک پہنچانے پر زور دیا۔
پروگرام کی صدارت کر رہے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی قومی مجلس عاملہ کے رکن ای ایم عبدالرحمن نے کہا کہ۹؍ ابواب پر مشتمل اس کتاب کو درج ذیل تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے: اسلامی نظریہ، موجودہ عالمی رجحانات و ہندوستانی حالات اور تحریکِ اسلامی کی خصوصیات و ترجیحات۔
اپنے خطاب کے دوران ، اسلامی فقہ اکیڈمی کے سکریٹری مولانا امین عثمانی نے کہا کہ یہ کتاب بڑے نصب العین کے ساتھ کام کرنے والی اسلامی تحریکات بالخصوص ہندوستان کی اسلامی تحریکات کے لیے ایک رہنما اصول ثابت ہوگی۔
معروف عالم دین مولانا عطاء الرحمن قاسمی، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی پروفیسر ڈاکٹر حسینہ حاشیہ، مصنف و سماجی کارکن عبدالرشید اغوان اور انسانی حقوق کی تنظیم این سی ایچ آر او کے قومی سکریٹری ایڈوکیٹ اے محمد یوسف جیسی شخصیات نے بھی کتاب پر اپنا تبصرہ پیش کیا۔
پاپولر فرنٹ کے شعبۂ رابطہ عامہ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد شمعون نے کلمات تشکر پیش کیے۔ پروگرام میں خواتین سمیت سو سے زائد افراد نے شرکت کی۔

Leave a Reply