دہشت گردوں نے جموں و کشمیر میں پلوامہ کے روحمو پولنگ بوتھ پر ووٹنگ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی گرینیڈ پھینک دیا۔ تاہم، اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ پلوامہ اننت ناگ لوک سبھا سیٹ میں آتا ہے
نئی دہلی( آئی این ایس انڈیا)
لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں آج سات ریاستوں کی کل 51 سیٹوں پر پولنگ ہوئی۔ اس مرحلے میں 60 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ سب سے زیادہ مغربی بنگال میں 74 فیصد پولنگ ہوئی۔ مدھیہ پردیش میں قریب 63 فیصد اور راجستھان میں 59 فیصد ووٹ پڑے ہیں۔ جھارکھنڈ میں بھی 63 فیصدسے زیادہ پولنگ ہوئی ہے۔ آج جن سیٹوں پر ووٹنگ ہو ئی ہے ان پر تقریبا 8 کروڑ 75 لاکھ ووٹر ہیں۔ 674 امیدوار ہیں۔ جن 51 سیٹوں پر پولنگ ہوئی ہے، 2014 میں بی جے پی نے ان میں سے 39 پر کامیابی حاصل کی تھی۔ کانگریس کو صرف 2 سیٹیں ملی تھیں۔مغربی بنگال میں مسلسل پانچویں مرحلے میں بھی تشدد کا واقعہ سامنے آیا ۔ مغربی بنگال کے بیرم پور میں بی جے پی اور ترنمول کانگریس کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ یہاں سے بی جے پی امیدوار ارجن سنگھ نے کہا کہ مجھ پر مبینہ طور پر ٹی ایم سی کے لوگوں کی طرف سے حملہ کیا گیا ۔ یہ لوگ ووٹروں کو ڈرا رہے تھے ۔ میں بھی زخمی ہو گیا ہوں۔بی جے پی نے یہاں دوبارہ پولنگ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔دہشت گردوں نے جموں و کشمیر میں پلوامہ کے روحمو پولنگ بوتھ پر ووٹنگ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی گرینیڈ پھینک دیا۔ تاہم، اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ پلوامہ اننت ناگ لوک سبھا سیٹ میں آتا ہے۔ یہاں سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی سمیت 18 امیدوار میدان میں ہیں۔امیٹھی میں بی جے پی امیدوار اسمرتی ایرانی نے بوتھ قبضہ کا الزام لگایا ہے۔ ایرانی نے کہا کہ میں نے انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کو الرٹ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے۔ امید ہے کہ وہ کارروائی کر یںگے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے لوگوں کو طے کرنا ہے کہ راہل گاندھی کی اس طرح کی سیاست کو سزا دی جائے یا نہیں۔ اس ٹویٹ کے ساتھ اسمرتی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے، جس میں ایک بزرگ خاتون کہہ رہی ہے کہ وہ بی جے پی کو ووٹ دینا چاہتی تھی، لیکن زبردستی ہاتھ پکڑ کر اس سے کانگریس کو ووٹ دلوا دیا گیا۔