تمام تر امریکی دباﺅ مسترد،روس نے مقررہ وقت سے پہلے ہی ترکی کو انتہائی خطرناک ہتھیار دینے کا فیصلہ کرلیا

روس کا یہ موقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن سنجیدگی کے ساتھ ترک پائلٹوں کی ایف 35طیاروں کی تربیت کے پروگرام کو معطل کرنے پر غور کر رہا ہے۔
ماسکو(ایم این این )
روس نے تمام تر امریکی دباﺅ کے باوجود ترکی کو میزائل ڈیفنس سسٹم ایس 400 وقت سے پہلے فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیاہے ۔
روسی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی ایوان صدر کے ترجمان دمتری بیسکوف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ترکی کی درخواست پر مقررہ وقت سے پہلے میزائل ڈیفنس سسٹم ایس 400 فراہم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیفنس سسٹم کی فراہمی کے حوالے سے کوئی تاخیر نہیں پائی جاتی اور تمام چیزیں منصوبہ بندی کے مطابق درست سمت میں چل رہی ہیں۔
روس کا یہ موقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن سنجیدگی کے ساتھ ترک پائلٹوں کی ایف 35طیاروں کی تربیت کے پروگرام کو معطل کرنے پر غور کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے امریکہ ، روس اور ترکی کے مابین میزائل ڈیفنس سسٹم ایس 400 اور ایف 35 طیاروں کی فراہمی کے معاملے پر تنازعہ چلا آرہا تھا۔ امریکہ نے واضح کیا تھا کہ اگر ترکی روس سے میزائل ڈیفنس سسٹم خریدتا ہے تو اسے ایف 35 طیارے فراہم نہیں کیے جائیں گے۔ امریکہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کچھ عرصہ پہلے کہا تھا کہ ایس 400 میزائل ڈیفنس سسٹم اور ایف 35 فائٹر طیارے کمپیوٹر کی طرح ہیں ، امریکہ اپنے دشمن ملک کے کمپیوٹر کے ساتھ اپنے کمپیوٹر کو اٹیچ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔