دارالعلوم یوبند میں داخلہ امتحان فارم کی تقسیم کاسلسلہ شروع!

نوواردین طلباء کی سہولیات کے لئے ماہ مبارک کے آخری ایام سے شرو ع ہوگئی داخلہ کارروائی  

زیر تعمیر لائبریری میں ہوگا داخلہ امتحان، طلباء کی سہولیات کے لئے ہے انتظامیہ کا فیصلہ : ناظم داخلہ امتحان

دیوبند: (ایس۔چودھری) عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند میں داخلہ امتحان کے فارم کی تقسیم کا سلسلہ آج سے شروع ہوگیاہے جس کی وجہ سے یہاں ماہ مبارک میں ہی طلبا ء عزیز کازبردست ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ عموماً عیدالفطر کے بعد تقسیم ہونے والے داخلہ امتحان فارم گزشتہ سالوں سے طلباء کی بڑی تعداد پہنچنے اور پریشانیوں سے بچنے کے لئے 27؍ رمضان المبارک سے شروع کردیا جاتا ہے۔ جس کے بعد یہاں ماہ مبارک میں طلبا ء کاجم غفیر ہے۔ دارالعلوم دیوبند میں سالانہ امتحان کی تعطیلات کے بعد بھی طلباء کی بڑی تعداد ادارہ میں قیام کرتی ہے اور داخلہ کے خواہشمند نوواردین طلباء سے ادارہ کی رونقیں دوبالا رہتی ہے۔اس مرتبہ بھی نوواردین کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے عیدالفطر سے قبل27؍ رمضان المبارک سے ہی امتحان داخلہ کی فارم کے تقسیم کا سلسلہ شروع کردیاہے تاکہ فوری طورپر پیش آمدہ مشکلات سے بچا جاسکے اور تمام طلباء آسانی سے امتحان داخلہ فارم حاصل کرسکیں۔ 27؍ رمضان المبارک صبح ساڑھے نو بجے سے فارم تقسیم کئے جائیں گے اور جمع ہونگے۔ اعلان کے مطابق درخواست برائے شرکت امتحان حاصل کرنے کے لئے ٹوکن کی تقسیم احاطہ مولسری میں کی درسگاہ اور تکمیل تفسیر کی درسگاہ میں ہوگی۔ ناظم داخلہ امتحان کے مطابق داخلہ کے خواہش مند طلباء کی کثیر تعداد دارالعلوم دیوبند پہنچ گئی ہے جن کی سہولیات کے لئے آج 27؍ رمضان سے داخلہ امتحان فارم کی تقسیم شروع کردی گئی ہے ۔ عموماً عیدالفطر کے بعد سے داخلہ فارم کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہوتا تھا لیکن گزشتہ دو سالوں سے چونکہ طلباء کی تعداد اسی وقت زیادہ پہنچ جاتی ہے جن کی سہولیات کے لئے انتظامیہ نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ 29؍ رمضان تک داخلہ فارم تقسیم ہوں گے اور پھر 2؍ شوال المکرم سے داخلہ امتحان فارم کی تقسیم شروع کی جائے گی جو 6؍ شوال تک جاری رہے گی اور 8شوال سے امتحان داخلہ شروع ہوں گے ،تحریر امتحان 18؍ شوال تک جار ی رہیں گے اور اسی دوران نتائج آنے کا بھی سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ تمام امتحان جدید لائبریری میں ہونگے۔ وہیں دارالعلوم وقف دیوبند میں جدید داخلے کے خواہش مندر طلباء کے لئے فارم تقسیم کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ 27؍ رمضان المبارک سے 29؍ رمضان المبارک اور اس کے بعد 2؍ شوال سے فارم تقسیم اور جمع کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔