استنبول (ایم این این )
ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے فتح استنبول کی 566 ویں سالانہ یاد کے موقع پر ترکی کے محکمہ مذہبی امور اور دیانت وقف کی طرف سے ینی کاپی میں منعقدہ نماز تراویح میں شرکت کی۔
تراویح سے قبل استنبول میٹرو پولیٹن بلدیہ کے مہتر بینڈ نے حمدیہ ترانے بجائے۔ پروگرام میں درود و سلام پڑھا گیا اور تلاوت قرآن کریم کی گئی۔
نماز عشاءکی امامت محکمہ مذہبی امور کے سربراہ ڈاکٹر علی ارباش نے جبکہ نماز تراویح کی امامت ہر چار رکعت کے بعد مختلف امام نے کی۔ہر چار رکعت کے بعد حمدیہ کلام پڑھے گئے۔
نماز تراویح کے بعد محکمہ مذہبی امور کے سربراہ ڈاکٹر علی ارباش نے ماہ رمضان کے دوران ترکی بھر میں پڑھے گئے لاکھوں ختم شریف کے ساتھ دعا کی۔
دعا سے قبل صدر رجب طیب ایردوان نے سورہ بقرہ کی آیت نمبر 285 اور 286 کی تلاوت کی۔نماز کے بعد انہوں نے اپنے منتظر شہریوں سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ نماز تراویح میں لاکھوں افراد نے شرکت کی اور یہ اجتماع نہایت اہم مفہوم رکھتا ہے۔خطاب کے بعد انہوں نے شہریوں کے ساتھ یادگاری تصویر اتروائی۔