پاکستان اور انڈیا ورلڈ کپ مقابلوں میں اب تک 6 مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں لیکن پاکستان آج تک کبھی کامیاب نہیں ہو سکی، ہر مرتبہ ہندوستان نے جیت حاصل کی
مانچسٹر (ایم این این )
عالمی ورلڈ کپ کے اہم مقابلے میں ہندوستان نے پاکستان کو جیت کیلئے 337 رنوں کا ہدف دیاہے جس کا تعاقب پاکستان کیلئے بہت مشکل ہوگا ۔ہندستان کے سلامی بلے باز روہت شرما کی شاندار سنچری (140)، دوسرے سلامی بلے باز ایل راہل (57) اور کپتان وراٹ کوہلی (71) کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان سے ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے 336 رن اسکور کیا۔ اس طرح ہندوستان نے جیت کے لئے پاکستان کو 337 رنوں کا ہدف دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں کھیلے جا رہے ورلڈ کپ 2019ءکے سب سے بڑے میچ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ جاری ہے۔ انڈین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو مقررہ پچاس اوورز میں جیت کیلئے 337 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بھارت کو کھیلنے کی دعوت دی، ان کا یہ فیصلہ بظاہر فائدہ مند ثابت نہ ہوا۔ انڈین بلے بازوں نے اس دعوت کا خوب فائدہ اٹھایا اور پاکستانی باو¿لرز کو جم کر کھیلے۔بھارت کی جانب سے لوکیش راہول اور روہت شرما میدان میں اترے اور انتہائی ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ انڈین بلے بازوں کے سامنے میں پاکستانی گیند باز بے بس نظر آئے۔
پاک ٹیم کو اس وقت پہلی کامیابی ملی جب لوکیش راہول اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وہاب ریاض کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آو¿ٹ ہو گئے۔
لوکیش راہل نے 78 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کپتان ویرات کوہلی میدان میں روہت شرما کا ساتھ دینے کیلئے اترے۔
انڈین بلے باز روہت شرما نے شاندار کھیل جاری رکھتے ہوئے ون ڈے کیرئیر کی 24ویں سنچری سکور کی۔ ان کی پاکستان کے خلاف یہ دوسری سنچری ہے۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 3 ڈبل سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں۔
میچ کے 39ویں اوور میں پاکستان کو اس وقت کامیابی ملی جب پراعتماد طریقے سے کھیل رہے روہت شرما ایک غلط شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ ان کی وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی جبکہ کیچ وہاب ریاض نے پکڑا۔روہت شرما نے 113 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 140 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔
میچ کے چوالیسویں اوور میں پاکستان کو تیسری کامیابی ملی جب ہاردک پانڈیا محمد عامر کی گیند پر باو¿نڈری کے نزدیک بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آو¿ٹ ہو کر واپس لوٹے۔ انہوں نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بنائے۔
اس کے بعد بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر دھونی میدان میں اترے لیکن صرف ایک رن بنا پائے، ان کی وکٹ بھی محمد عامر کے حصے میں آئی جبکہ وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد نے ان کا کیچ لیا۔
انڈین کپتان ویرات کوہلی کی وکٹ بھی اس مرتبہ محمد عامر کے حصے میں آئی۔ انہوں نے کوہلی کو پل شارٹ کھیلنے پر مجبور کیا لیکن وہ گیند کی ہائٹ سمجھ نہ پائے اور سرفراز کو کیچ دے بیٹھے۔ ویرا کوہلی نے 65 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے۔ وجے شنکر نے 15 جبکہ جھادو نے 9 رنز بنائے اور نٹ آو¿ٹ رہے۔
ٹاس کے بعد سرفراز احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کو بھلا کر کھیل پر توجہ مرکوز ہے، بھارت کو جلد آوٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت بڑا مقابلہ ہے، ہم 2 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں آ رہے ہیں۔ کوشش ہوگی کہ میدان میں 100 فیصد کارکردگی دکھائیں۔اس موقع پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ جو ٹیم اعصاب پر قابو رکھے گی، وہ میچ جیتے گی۔ باو¿لنگ کی بہتر کنڈیشنز موجود ہیں۔ شیکھر دھون کی وجے شنکر کو شامل کیا ہے۔ بیٹنگ کیلئے آج پچ اچھی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انڈیا ورلڈ کپ مقابلوں میں اب تک 6 مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں لیکن پاکستان آج تک کبھی کامیاب نہیں ہو سکی، ہر مرتبہ ہندوستان نے جیت حاصل کی ۔
حالیہ ورلڈ کپ 2019 کی کارکردگی دیکھی جائے تو اب تک انڈین ٹیم ناقابلِ شکست ہے۔ اب تک تین میچوں میں دو کامیابیوں اور ایک بے نتیجہ میچ کی وجہ سے اس کے 5 پوائنٹس ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر انڈین ٹیم اس وقت چوتھے جبکہ پاکستان نویں نمبر پر ہے۔