ماں باپ کی خدمت نہیں کر رہے ہیں تیجسوی، اولڈایج تحفظ قانون کے تحت کارروائی کی جی جائے

پٹنہ، 17 جون(آئی این ایس انڈیا)
جے ڈی یو نے آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو پر ریاست کے نئے اولڈایج سیکورٹی قانون کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔جے ڈی یو نے الزام لگایا کہ تیجسوی اپنے ماں باپ کی خدمت نہیں کر رہے ہیں۔جے ڈی یو کے چیف ترجمان سنجے سنگھ نے کہا کہ بیمار لالو پرساد یادو سزا یافتہ ہوکر ہسپتال میں داخل ہیں۔وہیں رابڑی دیوی کی بھی عمر ہو گئی ہے، دونوں نے تیجسوی یادو کو اپنا وارث بنایا ہے لیکن تیجسوی لاپتہ ہیں۔قدرتی طور پر والدین دونوں بہت تکلیف میں ہوں گے، ایسے میں سرکاری قانون کے تحت ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔بتا دیں کہ دراصل نتیش حکومت نے کچھ دن پہلے ہی ریاست میں اولڈایج سیکورٹی قانون نافذ کیا ہے۔اس کے تحت بوڑھے ماں باپ کی خدمت نہیں کرنے والے اولاد کے خلاف قانونی کارروائی کا انتظام کیا گیا ہے۔سنجے سنگھ نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج آنے کے بعد سے ہی تیجسوی یادو لاپتہ ہیں۔آر جے ڈی کے شہزادہ کہاں ہے اس کی خبر کسی کو نہیں۔انتخابات کے دوران تیجسوی الزام لگا رہے تھے کہ جھارکھنڈسرکارانہیں اپنے والد سے نہیں ملنے دے رہی ہے لیکن انتخابات کے بعد وہ آریم ایس میں علاج کرا رہے لالوپرسادیادو کی جانب جھانکنے تک نہیں گئے۔اس دوران لالو پرساد یادو کی سالگرہ بھی آئی لیکن تیجسوی نے ٹوئٹر پرمبارکباد دے کرکام مکمل کر لیا۔پٹنہ سے لے کر دہلی میں لالو پرساد یادو کی سالگرہ منائی گئی لیکن تیجسوی کہیں نظر نہیں آئے۔ان کی پارٹی کے لیڈر بھی تیجسوی کو مسلسل تلاش کر رہے ہیں لیکن تیجسوی کہیں نہیں مل رہے ہیں۔جے ڈی یو لیڈر نے آر جے ڈی کے لیڈروں سے گزارش کی وہ تیجسوی کو تلاش کرنے کے لئے پوسٹر-فارم لگائے تاکہ ان کا پتہ چل سکے۔انتظامیہ سے بھی گزارش ہے کہ وہ تیجسوی کو ڈھونڈنے میں آر جے ڈی لیڈروں کی مدد کرے اور ان پر قانونی کارروائی کریں۔