مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں نظامت فاصلاتی تعلیم کے تحت داخلے کا عمل جاری

فاصلاتی نظام تعلیم طلبہ و طالبات کے لیے سنہرا موقع ہے جو اپنی مصروفیات کے سبب اپنے گھر سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں،آخری تاریخ کے انتظار میں نہ رہیں بلکہ جتنی جلدی ہو سکے آن لائن رجسٹریشن کرالیں: پروفیسر شاہد پرویز
نئی دہلی (پریس ریلیز)مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد میں تعلیمی سال 2019-20 کے لیے فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت مختلف کورسیز میں داخلے دیے جارہے ہیں۔ داخلے کا یہ عمل۳۱؍جولائی تک جاری رہے گا۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی دہلی ریجنل سینٹرل کے ڈائریکٹر پروفیسر شاہد پرویز اور اسسٹنٹ رجسٹرار افشاں رحمان نے مذکورہ اطلاع دیتے ہوئے مزید کہا کہ فاصلاتی تعلیم کے تحت یہ سارے کورسیز UGC کے ڈسٹینس ایجوکیشن بیورو سے رواں سیشن کے لیے منظور شدہ ہیں۔فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت انڈرگریجویٹ تین سالہ کورسیز بی اے، بی کام، اور بی ایس سی (فیزیکل سائنس اور لائف سائنس) ایک سالہ کورسیز میں ڈپلومہ ان جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن، ڈپلومہ ان ٹیچ انگلش اور بذریعہ انگریزی اردو سیکھنے کا ایک سالہ سرٹیفکیٹ پروگرام کے علاوہ اردو، عربی، تاریخ، اسلامیات، ہندی اور انگلش جیسے مضامین میں دوسالہ ایم اے کورسیز میں داخلے دیے جارہے ہیں۔ ان سارے کورس میں رجسٹریشن کرنے سمیت رجسٹریشن اور کورس کی فیس اس سائٹ http://manuucoe.in/ddeonlineadmission19 پر کلک کرکے جمع کی جاسکتی ہے۔پروفیسر شاہد پرویز نے خواہشمند طلبہ و طالبات سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کے انتظار میں نہ رہیں بلکہ جتنی جلدی ہو سکے آن لائن رجسٹریشن کرالیں۔ یونیورسٹی کی طرف سے کورس کی فیس جمع کرنے والے تمام طلبہ کو متعلقہ کورس کی کتابیں فراہم کی جائیں گی تاکہ طلبہ کو مطالعاتی مواد جمع کرنے میں پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ طلبہ اپنی سہولت کے اعتبار سے پورے ہندوستان میں کسی بھی اسٹڈی سینٹر کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ ہندوستان کے اکثر اضلاع میں اردو یونیورسٹی کے اسٹڈی سینٹر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان طلبہ و طالبات کے لیے سنہرا موقع ہے جو اپنی مصروفیات کے سبب اپنے گھر سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔