مظفر پور، 21 جون (آئی این ایس انڈیا)
بہار کے مظفر پور میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کو لے کر پوسٹر لگائے گئے ہیں۔پوسٹر میں تیجسوی یادو کو ڈھونڈنے پر 5100 روپے انعام کے طور پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تیجسوی یادو کو لے کر لگائے گئے اس پوسٹر میں لکھا ہے کہ تیجسوی لوک سبھا انتخابات 2019 کے نتائج کے بعد سے لاپتہ ہے۔وہیں تیجسوی کو تلاش کرنے والے کو 5100 روپے نقد بطور انعام کے طور پر دیا جائے گا۔پوسٹر سماجی کارکن تمنا ہاشمی کی جانب سے لگایا گیا ہے۔ بتا دیں کہ اس بار کے عام انتخابات میں راشٹریہ جنتا دل کو کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔وہیں این ڈی اے میں شامل جماعتوں نے بہار میں جیت درج کی تھی۔بہار میں کل 40 لوک سبھا سیٹیں ہیں۔ان میں سے 39 سیٹوں پر بی جے پی کی قیادت میں این ڈی اے اتحاد نے کامیابی حاصل کی۔بہار میں اس بار آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی غیر موجودگی میں آر جے ڈی نے لوک سبھا انتخاب لڑا تھا۔اگرچہ اس کے قیام کے بعد ایسا پہلا موقع تھا جب آر جے ڈی کو لوک سبھا انتخابات میں اس طرح کی کراری شکست ملی اور پارٹی ایک نشست پر کامیابی حاصل کرنے کو لے کر بھی ترس گئی۔لوک سبھاانتخابات2019 میں بہار میں آر جے ڈی نے اتحاد میں انتخاب لڑا تھا لیکن آر جے ڈی کو اس انتخاب میں بہار سے ایک بھی لوک سبھاسیٹ نہیں مل پائی۔






