کانگریس لیڈر الپیش ٹھاکر کی بی جے پی کے حق میں ووٹنگ ۔ اسمبلی سے استعفی دینے کے بعد راہل گاندھی پر لگایا سنگین الزام

کراس ووٹنگ کے بعد الپیش نے اپنے رکن اسمبلی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ استعفیٰ دینے کے بعد الپیش ٹھاکرنے کہا کہ میں نے ضمیرکی آواز پرووٹنگ کی اورقومی قیادت کو دھیان میں رکھ کریہ کام کیا۔
احمد آباد (ایم این این )
گجرات میں راجیہ سبھا کی دو سیٹوں کے لئے جمعہ کو ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔ ان الیکشن کے لئے کانگریس نے وہپ جاری کیا ہے۔ وہپ جاری کرنے کے بعد بھی کانگریس کے دو اراکین اسمبلی نے کراس ووٹنگ کردی۔ کانگریس کے سبھی عہدوں سے اسعفیٰ دے چکے باغی رکن اسمبلی الپیش ٹھاکراوردوسرے رکن اسمبلی دھون جھالا نے بی جے پی کے حق میں ووٹنگ کردی۔
یہی نہیں کراس ووٹنگ کے بعد الپیش نے اپنے رکن اسمبلی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ استعفیٰ دینے کے بعد الپیش ٹھاکرنے کہا کہ میں نے ضمیرکی آواز پرووٹنگ کی اورقومی قیادت کو دھیان میں رکھ کریہ کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو پارٹی عوامی مینڈیٹ کھوچکی ہے اورجس پارٹی نے ہمارے ساتھ دھوکہ کیا ہے، اس کو مدنظر رکھ کرکیا ہے۔
الپیش ٹھاکرنے کہا کہ میں نے راہل گاندھی پراعتماد کرکے کانگریس جوائن کی تھی، لیکن بدقمستی کی بات ہے کہ انہوں نے ہمارے لئے کچھ نہیں کیا۔ ہم بارباربے عزت ہوتے رہے، اس لئے میں نے کانگریس کے رکن اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔