نئی دہلی (ملت ٹائمز)
نارتھ ایسٹ ریلوے کی خراب کارکردگی پر معرو ف عالم دین اور آل انڈیا سوسائٹی فار سوشل ریفارم کے صدر مولانا کبیر الدین فاران مظاہری نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر ریل کے نام ایک خط لکھ کر اس جانب ان کی توجہ مبذول کرائی ہے ۔ مولانا فاران نے اپنے خط میں لکھاہے کہ ہندوستان میں ریل کی کمی کے رونے کی صدا ملک کے چہار کونے سے ملتی رہتی ہے لیکن ناراتھ ایسٹ کے مسافروں کا آنسو پوچھنے والی کوئی ریل آج تک نہیں آئی ہے ۔دہلی سے گوہاٹی ، جموں ،امرتسر اور دیگر شہروں سے وہاں جانے والی ٹرینوں کے عام ڈبے کے ساتھ اے سی کوچ کی بھی حالت بہت بدتر اور شرمناک ہوتی ہے ۔ بھیڑ بکریوں کی طرح مسافروہاں لدے ہوئے ہوتے ہیں ۔سامان کا بھی کوئی ٹھکانہ نہیں ہوتاہے ۔اس روٹ پر بہت سارے مسافروں کو اپنی جان تک گنوانی پڑتی ہے ۔ اس کے علاوہ ایک اور بدترین تصویر یہ ہے کہ پلیٹ فارموں پر مسافروں کو دس دست گھنٹے تک ٹرین کا انتظار کرنا پڑتاہے کہ ٹرین کب آئے گی اور کب چلے گی ۔ انٹر نیٹ ، انکوائری کاﺅنٹر اور 139 ہیلپ لائن نمبر پر ٹرین کی آمد و رفت کا وقت بتایاجاتاہے لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہوتاہے ۔ تقریبا چار سالوں سے ان روٹوں پر پتہ نہیں چلتاہے کہ ٹرین کب آئے گی اور کب کینسل ہوگی ۔
وزیر اعظم سے انہوں نے اپیل کی ہے کہ براہ کرم اس پر خصوصی توجہ دیں اور ریلوے کا نظام درست کریں ۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں نارتھ ایسٹ کی ٹرینوں کی صورت حال طویل عرصے سے بدتر ہے ۔ تازہ صورت حال ہے کہ کئی ٹرینیں چوبیس گھنٹے کی تاخیر سے چلتی ہے ۔ مسافروں کی بھیڑ ہونے کی وجہ سے کوچ میں قدم رکھنے کی جگہ نہیں ملتی ہے ۔






