ملزمین چنئی کے رہنے والے سید محمد بخاری، ناگاپٹینم کے حسن علی یونس مریکر اور ناگا پٹینم ہی کے محمد یوسف الدین حارث محمد اور ان کے ساتھیوں نے ہندوستان میں اسلامی حکومت قائم کرنے کے مقصد سے پیسے جمع کئے اور ملک میں دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ بنایا
نئی دہلی(ایم این این)
اطلاع کے مطابق قومی تحقیقاتی ادارے (این آئی اے) نے تمل ناڈو میں ایک ایسی تنظیم کا سراغ لگایا ہے جو ملک میں اسلامی حکومت قائم کرنے غرض سے دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ بنا رہی تھی۔اس سلسلہ میں این آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے چنئی شہر اور ناگا پٹینم ضلع میں اس کے تین اراکین کے مکانات پر چھاپے مارے ہیں۔
اس سلسلہ میں این آئی اے نے جو کیس درج کیا ہے اس کے بموجب ملزمین کا تعلق چنئی، ناگاپٹینم اور بیرونِ ملک سے ہے۔ان لوگوں نے ’’ انصار اللہ‘‘ نامی دہشت گرد تنظیم بنائی، اور حکومتِ ہند کے خلاف جنگ چھیڑنے کا منصوبہ بنایا اور تیاری کی۔این آئی اے نے بتایا ہے کہ اسے معلوم ہوا کہ ملزمین چنئی کے رہنے والے سید محمد بخاری، ناگاپٹینم کے حسن علی یونس مریکر اور ناگا پٹینم ہی کے محمد یوسف الدین حارث محمد اور ان کے ساتھیوں نے ہندوستان میں اسلامی حکومت قائم کرنے کے مقصد سے پیسے جمع کئے اور ملک میں دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ بنایا۔
اس معاملے میں این آئی اے نے غیرقانونی سرگرمیوں کے انسداد سے متعلق ایکٹ کی مختلف دفعات اور تعزیراتِ ہند کے تحت مذکورہ بالا افراد کے خلاف کیس درج کیا۔اس کے بعد تمل ناڈو میں چنئی شہر میں سید بخاری کے مکان اور دفتر، ناگاپٹینم میں حسن علی اور حارث محمد کے مکانات پر این آئی اے نے چھاپے مارے۔این آئی اے ان تینوں ملزمین سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے اور ممکن ہے کہ ان کو جلد گرفتار کیا جائے۔چھاپوں کے دوران این آئی اے نے ۹ موبائل، ۱۵ سم کارڈ،۷ میموری کارڈ، ۳ لیپ ٹاپ، ۵ ہارڈ ڈسک،۶ پین ڈرائیو،۲ ٹیبلیٹ، ۳ سی ڈی۔ڈی وی ڈی،دستاویزات،رسائل، بینر، نوٹس، پوسٹر اور کتابیں ضبط کی ہیں۔






