چھپرہ موب لنچنگ معاملہ پر بہار اسمبلی میںزبردست ہنگامہ ۔کاروائی ملتوی کرنی پڑی

پٹنہ(ایم این این )
بہار اسمبلی میں آج اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے چھپرہ موب لنچنگ کے معاملے پر جم کر ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کاروائی مقررہ وقت سے قبل ہی ملتوی کرنی پڑی۔ اسمبلی کی کاروائی گیارہ بجے شروع ہوتے ہی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسوادی لینن وادی ( سی پی آئی۔مالے) کے ستیہ دیو رام نے موب لنچنگ کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی۔ اسمبلی اسپیکر وجے کمار چودھری نے اس کی اجازت نہیں دی اور کہاکہ مقررہ وقت پر اس معاملے کو اٹھائیں۔ ابھی وقفہ سوالات چلنے دیں۔ اس پر راشٹریہ جنتا دل ( آرجے ڈی ) کے للت کمار یادو نے اسپیکر مسٹر چودھری سے ان کی بات سن لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ موب لنچنگ کا معاملہ بیحد سنگین ہے۔ اسمبلی اسپیکر نے کہاکہ اگر آپ اس بات کی اہمیت کو سمجھتے ہیں تو اسے وقت پر اٹھانا مناسب ہوگا۔ ابھی وقفہ سوالات ہے اسے برباد نہ کریں۔