نئی دہلی، 02 اگست(آئی این ایس انڈیا)
ڈی ایم کے ممبر پارلیمنٹ ڈی روی کمار نے بھیڑ کی طرف سے قتل (ہجومی تشدد) اور جھوٹی شان کے نام پر قتل (آنر کلنگ) کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے جمعہ کو لوک سبھا میں کہا کہ ایسے واقعات کو دہشت گرد انہ عمل قرار دیا جائے۔ایوان میں وقفہ صفر کے دوران کمار نے بھیڑ کی طرف سے قتل اور آنر کلنگ کو دہشت گرد واقعات کا اعلان کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی وارداتوں پر روک لگانے کے لئے قصورواروں کے خلاف انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔ڈی روی کمار نے دعوی کیا کہ ہجومی تشدد اور’آنر کلنگ‘ کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں جو بہت تشویشناک ہیں۔وہیں بی ایس پی کے دانش علی نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں گزشتہ 15 برسوں سے طلبہ یونین کا انتخاب نہیں ہونے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر یونیورسٹیوں میں طلبہ یونین کے الیکشن نہیں ہوں گے تو پھر بہت سے نوجوان ایم پی پارلیمنٹ میں آنے سے نظرانداز رہ جائیں گے۔






