پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بار بار یہ یقین دہانی کرا رہے ہیں کہ فاروق عبداللہ کو نہ ہی گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی انھیں حراست میں لیا گیا ہے
سری نگر (ایم این این )
نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ کا جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد پہلا رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے نیوز 18 سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کی بات کرتے ہوئے ان کی آنکھوں سے آنسو آ گئے۔ انھوں نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت ایسا کیسے کر سکتی ہے، جب کہ جموں و کشمیر کو اس کی آئینی گارنٹی دی گئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ مجھے میرے گھر سے جانے نہیں دیا جا رہا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے میرے گھر میں ہی مجھے جیل کر دیا گیا ہے۔
فاروق عبداللہ نے یہ بیان ٹھیک اس وقت دیا جب ان کے بیان سے کچھ دیر پہلے ہی وزیر داخلہ امت شاہ نے لوک سبھا میں جموں و کشمیر تشکیل نو بل پر بحث کے دوران ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ فاروق عبداللہ کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ فاروق عبداللہ کو حراست میں بھی نہیں لیا گیا ہے، وہ اپنے گھر پر ہیں۔
#EXCLUSIVE – @JKNC_ patron, Farooq Abdullah’s first rection on #Article370Revoked on CNN-News18; says I have a problem of blood pressure & I am arrested in the House. Whatever Home Minister has said is baseless. No one is allowed to enter my house. pic.twitter.com/qUxSBdpnex
— News18 (@CNNnews18) August 6, 2019
ایک طرف فاروق عبداللہ کا بیان میڈیا میں آیا ہے کہ ان کے ساتھ مودی حکومت نے دھوکہ کیا ہے اور انھیں ان کے گھر میں ہی قید کر دیا گیا ہے، تو دوسری طرف پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بار بار یہ یقین دہانی کرا رہے ہیں کہ فاروق عبداللہ کو نہ ہی گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی انھیں حراست میں لیا گیا ہے۔ لوک سبھا میں جب فاروق عبداللہ کو حراست میں لیے جانے کی بات اپوزیشن پارٹی لیڈران نے کہی تو امت شاہ نے اس سے انکار کیا۔ جب ایوان میں چوتھی بار اس پر وضاحت دینے کے لیے کہا گیا تو امت شاہ نے کہا کہ وہ دس بار بھی وضاحت دینے کے لیے تیار ہیں لیکن صحیح یہی ہے کہ فاروق عبداللہ کو نہ ہی حراست میں لیا گیا ہے اور نہ ہی گرفتار کیا گیا ہے۔دوسری طرف فاروق عبد اللہ کا کہنا ہے کہ امت شاہ جھوٹ بول رہے ہیں ۔






