نئی دہلی،8اگست(نامہ نگار):سیلم پور کے جے.بلاک میں واقع مدرسہ فیض العلوم مجددیہ میں علامہ فضل حق خیر آبادی کی حیات وخدمات پر یک روزہ سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے صفدر جنگ ہاسپیٹل سی سی آر یوایم، یونانی کے سرپرست ڈاکٹر سید احمد خان نے عالم وفاضل عظیم مجاہد آزادی فضل حق کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مولانا خیر آبادی ملت کے وہ بطل جلیل ہیں، جنہوں نے انگریز حکومت کے خلاف سب سے پہلا فتوی جاری کیا۔ڈاکٹر خان نے مزید کہاکہ موصوف نے ادبی وسیاسی سرگرمیوں کے ذریعہ 1857کی نوآبادیات مخالف جنگ میں اہم کردار نبھایا۔البتہ وہ ملک کے آزادی کے تئیں پُر عزم تھے اور انہوں نے راجدھانی کی شاہجہا نی جامع مسجد میں دیگر محب وطن افراد کے ساتھ جہاد کے فتوے پر دستخط کئے تھے۔ پروگرام کی قیادت کر رہے عوامی خدمتگار کمیٹی کے چیف الحاج لیاقت علی مسعودی نے ہند و مسلم اتحاد کے پیرو کار فضل حق کی خدمات کے تعلق سے کہاکہ انہوں نے غیر ملکی راج کو اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہندو اور مسلمانوں سے متحد ہو جا نے کی پُر زور اپیل کی تھی۔لیاقت علی نے یہ بھی کہاکہ آزادی کی پہلی لڑائی 1857میں مولانا نے جام شہادت نوش کیا،وہ ملک وقوم سے بے پناہ محبت کر تے تھے،اپنی پوری زندگی ملک کیلئے وقف کر رکھی تھی۔آل انڈیا یو نانی طبی کا نگریس کے ٹریثرارحکیم عطاء الرحمان اجملی قاسمی نے کہاکہ موجودہ وقت کیلئے ضروری یہ ہے کہ مسلمان تعلیم پر توجہ دیں،ساتھ ہی اپنی تاریخ سے واقف ہوں،کیو نکہ جوقوم اپنی تاریخ بھول جاتی ہے وہ قوم بھی نیست ونابودہو جاتی ہے۔قبل ازیں پروگرام کاآغاز تلاوت کلام الہی اور نعتیہ مجموعہ سے ہوا۔ اس دوران مختلف ثقافتی پروگرام پیش کر نے والے طلبا کو مہمانان کے ہاتھوں انعامات سے نوازا گیا۔اختتام پرقاری فضل الرحمان نے ملک کی سلامتی اور امن وبھائی چارگی کی دعا کرائی۔ اہم شرکا میں مولانامحمد رفیع عالم،قاری رحمت اللہ صاحب،عوامی ایکتا ویلفیئر ایسو سی ایشن کے سیکریٹری ریاض احمد شمسی،سماجی کارکن یوسف ملک سمیت دیگر موجودتھے






