اسوہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنائے بغیر انسانیت کی کامیابی ناممکن۔ مفتی محفوظ الرحمن عثمانی

پناما کی جامع مسجد میں ہندوستان کے معروف عالم دین وملی رہنما مولانا مفتی محفوظ الرحمن عثمانی کا خصوصی خطاب
پناما۔9اگست 2019(پریس ریلیز)
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی پوری کائنات کیلئے اسوہ حسنہ اور مشعل راہے ۔ ان کی زندگی میں تمام شعبہائے حیات سے تعلق رکھنے والوں کے سبق ہدایت اور روشنی ہے ۔جس نے بھی اسے اپنایا ہے ۔اس کے مطابق زندگی گزارنے کی کو شش کی ہے انہیں کامیابی ملی ہے ۔ان خیالات کا اظہار پناما سینٹرل امریکہ کی جامع مسجد میں خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے مشہور عالم دین وملی رہنما مولانا مفتی محفوظ الرحمن عثمانی بانی ومہتمم جامعة القاسم دارالعلوم الاسلامیہ سپول بہار نے کیا ۔اپنے خطاب میں انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ آج دنیا کے مسلمانوں نے نبی کریم صلی اللہ وسلم کی سیرت سے منہ موڑ لیاہے ۔اپنی زندگی سے انہیں دور کردیاہے جس کی بنا پر وہ سکون اطمینان اور امن وسلامتی سے محروم ہیں ۔امت مسلمہ کی کامیابی کا دارومدار محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو اپنانے اور ان کے نقش قدم پر چلنے میں ہیں ۔
مفتی عثمانی نے مزید کہاکہ آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے علاقائی نسلی ‘برادری ‘وطنی لسانی تفاخر کا خاتمہ کیا اور سبھی کو بطور انسان برابر قرار دیا ۔انہوں نے جامع اصول بتایا کہ کسی کو کسی پر کسی علاقہ قبیلہ خاندان کی وجہ سے برتری نہیں ہوسکتی ۔سیدنا مصعب ابن عمیر عبد اللہ بن جحش سلمان فارسی صہیب رومی بلال حبشی رضی اللہ عنہم اجمعین کو ایک تسبیح کے دانے میں پیر و دیاتھا اور آج ہم اور ہمارا عمل اس سے الگ ہے ۔جس کی وجہ سے آج پوری دنیا میں مسلمان ذلت پستی اور رسوائی سے دوچار ہیں ۔
مفتی عثمانی نے اپنے خطاب میں کہاکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اتحاد واتفاق کی تعلیم دی تھی لیکن آج ہم ان کے نام پر دسیوں فرقوں میں تقسیم ہیں علاقائی اور مسلکی عصبیت کے شکار ہیں جس کا اسلام میں دور دور تک کوئی شائبہ نہیں تھا ۔ اسلام کی تبلیغ اور اشاعت کے بجائے مسلک کی تشہیر اور ترویج میں ہم مشغول ہوگئے ہیں اور آپسی تنازعات کو بڑھارہے ہیں جس سے ہمیں سختی سے منع کیاگیاہے ۔مسلمانوں کی کامیابی اور انسانیت کی فلاح وبہبود کا واحد راستہ محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت وفرماں برداری او ر ان کے نقش قدم پر چلنا ہے ۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی مشہور دینی درس گاہ جامعة القاسم دارالعلوم الاسلامیہ سپول بہار کے بانی ومہتمم مولانا مفتی محفوظ الرحمن عثمانی ان دنوں پناما کے دعوتی دورے پر ہیں ۔اس موقع پر حضرت مفتی عبد القادر مظاہری بھٹئی امام وخطیب جامع مسجد پناما سینٹر ل امریکہ حاجی ادریس محمد تالیہ ۔حاجی ادریس سیٹھ ۔حاجی الیاس بھائی سیدات کے علاوہ بڑی تعداد میں تجار اور دیگر علما ئ‘حفاظ قراءومسلمانوں نے شرکت کی ۔