جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا وفد سیلابی علاقوں میں پہونچ کر متاثرین کے درمیان کیا ریلیف کی تقسیم 




جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا وفد سیلابی علاقوں میں پہونچ کر متاثرین کے درمیان کیا ریلیف کی تقسیم

کولہا پور اور سانگلی کے متاثرہ علاقوں میں سروے جاری، حسب ضرورت ریلیف اور باز آباد کاری کا کام جاری رہے گا: جمعیۃ علماء

ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے مغربی اضلاع میں سیلاب کی تباہ کاری حد درجہ تشویش ناک ہے، متعدد جانیں تلف ہوچکی ہیں، لاکھوں افراد بے گھر ہو کر کھانے، پینے کے محتاج ہو چکے ہیں، سیلاب متاثرہ علاقہ میں ریلیف و راحت رسانی کے کاموں میں تیزی لانے اور ضرورت مندوں کو ان کی ضرورت کے مطابق اشیاء خورد و نوش اور ضروریات زندگی کے سامان کی تقسیم کا کام انجام دینے کیلئے کل بروز جمعہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا ایک وفد مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی قیادت میں روانہ ہوا۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی ایماء پرسانگلی، کولہا پور اور اس کے اطراف کے متاثرہ علاقوں میں ضلعی و مقامی جمعیۃ علماء کے ذمہ داروں کی رہنمائی میں ریاستی وفد نقصانات کا سروے اور وہاں کے حالات کا جائزہ لے کر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ذمہ داروں کو سروے رپورٹ پیش کرے گا۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ روز اول سے مقامی جمعیۃ علماء کے کارکنان ریاستی ذمہ داروں کی ہدایت پر متاثرین کی راحت رسانی اور ریلیف میں لگے ہوئے ہیں۔کل بروز جمعہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا ایک وفدمتاثرہ علاقوں میں ریلیف کی پہلی قسط کے ساتھ روانہ ہوا،ہم ریاستی وفد کی سروے رپورٹ آنے کے بعد حسب ضرورت متاثرین کے لئے مستقبل میں بھی پوری منصوبہ بندی کے ساتھ جمعیۃ علماء کی روایت کے مطابق وہاں کے خانماں برباد لوگوں کی ریلیف اور باز آباد کاری کا عمل جاری رکھیں گے۔

ریاستی وفد میں مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر،حافظ محمد عارف انصاری جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع تھانے،مولانا عبد الوہاب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ممبرا، قاری محمدادریس انصاری صدر جمعیۃ علماء شہر پونے، حاجی گلزار احمد صدر جمعیۃ علماء پمپری چنچوڑ شامل ہیں۔

  اس موقع پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے یہ اپیل کی ہے کہ مغربی مہاراشٹر کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے سبھی لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، نیز جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی تمام ذیلی یونٹوں، ائمہ مساجد،اور مخیر حضرات سے درخواست کی ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں رقم اکٹھا کرکے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر امام باڑہ کمپاؤنڈ، امام باڑہ روڈ،ممبئی ۹ میں جمع کرائیں۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *