ہزاروں حجاج کرام فلائٹ تاخیر ہونے سے پریشان !




نئی دہلی: رواں برس میرٹھ سے پندرہ سو پچاس افراد حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ تاہم اب جدہ ایئر پورٹ پر فلائٹ کی تاخیر کے سبب حجاج کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حجاج کرام کے درمیان دو افواہیں عام ہیں جن کی وجہ سے ان کو مزید دشواریوں کا سامنا ہے۔ ایک افواہ یہ ہے کہ بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی جاری ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان فضائی طیاروں کو اپنے فضائی حدود میں پرواز کرنے سے منع کر رہا ہے۔ اس کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔

دوسری افواہ یہ ہے کہ بھارتی حکومت نے سعودی حکومت کو مکمل رقم ادا نہیں کی اس کی وجہ سے سعودی حکومت انہیں آنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔

حج کمیٹی کے سابق رکن زین الراشدین نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’18 اگست کو آنے والے حاجیوں کی فلائٹ میں طیارے میں خرابی کے باعث تاخیر ہوئی اسی وجہ سے اب سلسلہ وار تاخیر ہورہی ہے۔’

حج کے سفر سے واپس آئے نظر علی نے بتایا کہ ‘حج کی ادائیگی میں کوئی پریشانی نہیں آئی بلکہ اس برس کافی عمدہ انتظامات تھے لیکن ایک دن طیارہ خراب ہوگیا جس کی وجہ سے 24گھنٹے فلائٹ کی پرواز میں تاخیر ہوئی ہے۔’

تاخیر کی وجہ سے نہ صرف حجاج کرام کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کے اہل خانہ رشتہ دار اور عزیز و اقارب بھی پریشان ہیں کیونکہ حجاج کرام کے استقبال کے لیے تمام طرح کا انتظام کرتے ہیں اور ہوائی اڈے پر کثیر تعداد میں لوگ ان کا استقبال کرتے ہیں۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *