دارالعلوم دیوبند کی لائبریری سے متعلق رپوٹ ڈی ایم کو سونپی گئی




رپورٹ کے آنے کے بعد ہندو انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل کی وزیر اعلیٰ کو مکتوب بھیج کر کارروائی کا مطالبہ 

دیوبند: ( ایس چودھری ) دارالعلوم دیوبند میں زیر تعمیر لائبریری کے متعلق پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر کے ذریعہ ڈی ایم کو سونپی گئی۔ ٹیکنکل رپورٹ کے بعد بجرنگ دل نے دارالعلوم دیوبند میں بغیر نقشہ کے لائبریری و دیگر عمارتیں تعمیر کرنے کا الزام لگایا ہے۔ بجرنگ دل کے صوبائی کنوینر وکاس تیاگی نے الزام لگایا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ کے ذریعہ معیار کے خلاف بنائ جارہی لائبریری کی چھت پر ہیلی پیڈ بنا کر انتظامیہ اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کو وقت رہتے منہدم کیا جانا ضروری ہے۔ آج وزیر اعلیٰ کو بھیجے گئے مکتوب میں وکاس تیاگی نے کہا کہ اب دارالعلوم دیوبند کو نوٹس دینے کے بجائے راست طور پر کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مکتوب میں لائبریری کی چھت پر انتظامیہ کو گمراہ کرکے ہیلی پیڈ تعمیر کئے جانے کی پلاننگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر کی رپورٹ آنے کے بعد اگر انتظامیہ دارالعلوم دیوبند کو نوٹس بھیجے گی تو وہ پھر سے گمراہ کرنے والا ہی جواب دینگے۔ اسلئے اب انتظامیہ کو سیدھے طور پر کارروائی کرنی چاہئے۔ تیاگی نے سی ایم کو بھیجے گئے مکتوب میں یہ بھی کہا کہ جس جگہ پر لائبریری بنائی جارہی ہے وہ دارالعلوم دیوبند کی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند میں سالوں سے تعمیری کام چل رہے ہیں لیکن انکے پاس کسی طرح کا کوئی نقشہ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں جلدی ہی ایک وفد وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرکے صحیح صورت حال سے واقف کرائیگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 4 ؍اگست کو ڈی ایم آلوک کمار پانڈے حکومت کی ہدایت پر پی ڈبلیو ڈی کے انجینئروں سمیت ٹیکنکل ٹیم کے ساتھ دارالعلوم دیوبند میں جانچ کے لئے پہنچے تھے، اس دوران دارالعلوم دیوبند کے ذمہ داران نے انہیں بتایا تھا کہ لائبریری کی چھت پر کوئی ہیلی پیڈ نہیں بنایا جارہا ہے۔ جبکہ پی ڈبلیو ڈی انجینئر نے ڈی ایم کو سونپی اپنی رپورٹ میں کہا کہ لائبریری کی چھت میں کافی مضبوط مٹریل لگایا گیا ہے، جس پر ہیلی کاپٹر اتارا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ لائبریری کی تعمیر میں کئی ضابطوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ اب ڈی ایم دارالعلوم دیوبند سے جواب طلب کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ وہیں جے ای نے بھی کئی نکات پر اپنی رپورٹ ڈی ایم کو سونپ دی ہے۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *