نئی دہلی: (ملت ٹائمز) دہلی کے تاریخی اسٹیڈیم فیروز شاہ کوٹلہ کا نام سابق مرکزی وزیر ارون جیٹلی کے نام منسوب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے اپنے سابق صدر ارون جیٹلی کی یاد میں فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کا نام بدل کر اب ارون جیٹلی اسٹیڈیم نام رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر رجت شرما نے اس تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔رجت شرما نے اس موقعے پر کہا کہ ارون جیٹلی کی حمایت کی ہی وجہ سے وراٹ کوہلی، ویریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، آشیش نہرا، ریشبھ پنت جیسے کھلاڑیوں نے یبن الاقوامی سطح پر بھارت کی نمائندگی کی۔دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ‘فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کو ارون جیٹلی کے نام منسوب کرنا انھیں بہترین خراج تحسین پیش کرنا ہے کیوں کہ جیٹلی نے اپنے عہدۂ صدارت کے دوران اسٹیڈیم کو جدید سہولیات سے لیس کرانے اور اس کی تنظیم نو میں اہم کردار ادا کیا۔ ‘سابق مرکزی وزیر آنجہانی ارون جیٹلی سنہ 1999 سے سنہ 2013 تک دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر تھے۔ جیٹلی نے اپنے دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے دوران اسٹیڈیم کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔آئندہ 12 ستمبر کو جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں ایک تقریب کے دوران باضابطہ اس تبدیلی کا اعلان کیا جائے گا۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس تقریب میں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ اور مرکزی وزیر برائے کھیل کرن رجیجو بھی موجود ہوں گے۔

Leave a Reply