علی گڑھ ،28اکتوبر( آئی این ایس انڈیا )
بی جے پی کے سینئر لیڈر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی کلیان سنگھ نے کہا ہے کہ ایودھیا میں متنازع مقام کے مسئلہ پر عدالت کے فیصلے کا انتظار کیا جانا چاہیے اور اب اس معاملے پر کوئی بھی تبصرہ کرنا غیر مناسب ہے۔ سنگھ نے ایک سوال پر کہا کہ سب کو سپریم کورٹ کے حکم کا انتظار کرنا چاہئے اور اس سے پہلے اس سلسلے میں کسی بھی طرح کا تبصرہ مناسب نہیں ہے۔انہوں نے کہا میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ سب کو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے اور کسی بھی کمیونٹی کی طرف سے اس پر بیان ددینا مناسب نہیں ہے۔سابق وزیر اعلی سے پوچھا گیا تھا کہ کچھ سینئر بی جے پی لیڈر ایودھیا میں متنازع مقام پر مالکانہ حق کو لے کر سپریم کورٹ کی طرف سے مستقبل قریب میں اپنا فیصلہ دئیے جانے کے امکان کے پیش نظر مندر کی تعمیر کے بارے میں بیان دے رہے ہیں۔کلیان سنگھ رام مندر تجریک کے قائد میں شمار کئے جاتے ہیں۔وہ 6 دسمبر 1992 کو ایودھیا میں متنازعہ ڈھانچہ گرائے جانے کے وقت ریاست کے وزیر اعلی تھے۔مانا جا رہا ہے کہ موجودہ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کے ریٹائرڈ ہونے کی تاریخ 17 نومبر سے پہلے ایودھیا معاملے کا فیصلہ آ جائے گا۔






