دبئی میں شفیق الحسن کی خدمات کا اعتراف-انجمن ادب نے دیا استقبالیہ

انجمن ادب دبئی کے زیر اہتمام منعقد تقریب میں فیک نیوز کے خلاف اور صحیح خبروں سے روشناس کرانے کیلئے شفیق الحسن کی ستائش
دبئی، ( پریس ریلیز)
صحافت کی دنیا میں منفرد کام انجام دینے والے شفیق الحسن ان دنوں دبئی کے دورے پر ہیں۔انجمن ادب دبئی کے زیر اہتمام یہاں ان کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔نظامت حیدارآباد ریستوران، بر دبئی میں منعقد اس تقریب میں دبئی میں مقیم مختلف شعبہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شفیق الحسن کو ایک مومینٹو پیش کیا گیا اور شال پہنا کر ان کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ حنا شفیق اور اور ان کے دونوں بچے بھی موجود تھے۔ اعزازی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے سب سے پہلے شفیق الحسن نے اپنے دوست خلیق الرحمان ،منتظمین اور خاص طور پر البہا رئیل اسٹیٹ کے محمد منیر اور نظامت حیدرآباد کے محمد قادری نظامت کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر شفیق الحسن نے بتایا کہ اخبارات سے وابستگی ، کچھ نہ کچھ لکھتے رہنے کا شوق اور ملک و قوم کے لئے کچھ کرنے کا جذبہ ہمیشہ سے رہا۔ فیس بک اور ٹوئیٹر پر کبھی کبھی کچھ اخباروں کے تراشے شیئر کرتا رہتا تھا۔ لیکن یہ چند لوگوں تک محدود تھا۔انھوں نے بتایا کہ اس میں اہم موڑ اس وقت آیا جب ۲۴؍ جون ۲۰۱۷ء کو دہلی کے نزدیک ٹرین میں جنید کی لنچنگ کا واقعہ پیش آیا۔ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر افواہوں اور فیک نیوز کا سلسلہ بھی دراز ہوتا جا رہا تھا۔ ایسے میں مجھے خیال آیا کہ کیوں نہ جہاں تک ممکن ہو سکے لوگوں کو سچی اور مستند خبروں سے لوگوں کو روشناس کرایا جائے ۔ دوسال سے زائد عرصہ گزر جانے کے بعد بھی آج تک یہ سلسلہ منقطع نہیں ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس کام کو کرنے میں مجھے بہت ساز و سامان اور انتظامات کی ضرورت نہیں تھی۔لہذامیں نے بس اپنے عزم، اپنے موبائل اور اخبارات کے ذریعہ اس کام کو کرنے کا بیڑا اٹھایا۔ مجھے نہ کسی تنظیم کی ضرورت محسوس  ہوئی، نہ کسی ادارے یا کسی ٹیم کی ضرورت۔
اس اعزازی تقریب میں محمد منیر، محمد قادری کے علاوہ کاروباری ریاض احمد، رحمت رئیل اسٹیٹ کے مینجر ڈاکٹر شعیب احمداور فلائی زون ٹریولس کےمینجر محمد اکرم، ہارون اکمل وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ سبھی لوگوں نے فیک نیوز کے خلاف اور صحیح خبروں سے روشناس کرانے کیلئے شفیق الحسن کے کام کی ستائش کی۔
SHARE