قرآن ، گیتا، بائبل اور دیگر سبھی مذہبی کتاب اسی وقت محفو ظ رہے گی جب آئین کی کتاب محفوظ رہے گی ۔ دنیا میں سب سے زیادہ غیر قانونی کام قانون کے نام پر کئے جاتے ہیں
نئی دہلی (ملت ٹائمز)
آئین اور دستور کی حفاظت سب سے اہم اور ضروری کام ہے جس کیلئے سبھی کو فکرمند ہونا چاہیئے کیوں کہ ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت ہندوستان کا آئین ہے جسے 2019 میں قتل کیا جارہاہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ شب 26نومبر کو جامعہ نگر میں جشن آئین کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مشہور جرنلسٹ عارفہ خانم شیروانی نے کیا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ آئین اصل طاقت ہے ۔ قرآن ، گیتا، بائبل اور دیگر سبھی مذہبی کتاب اسی وقت محفو ظ رہے گی جب آئین کی کتاب محفوظ رہے گی ۔ دنیا میں سب سے زیادہ غیر قانونی کام قانون کے نام پر کئے جاتے ہیں ۔ کشمیر اب ہندوستان کا حصہ پہلے سے زیادہ ہوچکا ہے لیکن ابھی بھی وہاں لوگوں کو آزادی نہیں ملی ہے ۔ انٹر نیٹ پر پابندی ہے ۔ آج کشمیریوں کے ساتھ ہواہے ،کل کسی اور کے ساتھ ہوسکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں سیکولرزم کیلئے سب سے زیادہ جدوجہد مسلمان کررہے ہیں اور انہیں کی وجہ سے بھارت سیکولر ملک بنا ہواہے ۔ عارفہ خانم شیروانی نے مسلمانوں کو دوسروں کے ساتھ اتحاد کرکے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کا مشورہ دیا ۔جشن آئین کے اس پروگرام عمر خالد ۔ کنہیا کمار ، ڈاکٹر کفیل احمد کئی لوگوں نے خطاب کیا اور مجموعی طور پر کہاکہ ہندوستان کے آئین کو مودی سرکار قتل کررہی ہے جس کی حفاظت کیلئے سڑکوں پر نکلنا ہوگا ۔یہ پروگرام ملی ماڈل اسکول ابوالفضل میں منعقد ہواتھا ۔