کامیاب قیادت کے لئے تقریری  صلاحیت ناگزیر،ایم ایم ای آر سی میں دانشوران کا اظہارِ خیال

مرکزالمعارف اور اس سے ملحق تمام آٹھ اداروں میں فضلاء مدارس کے مابین سال میں تین تقریری مسابقے ہوتے ہیں جن میں ڈیل کورس پڑھ رہے تمام فضلاء کی شرکت لازمی ہے

ممبئی 29/نومبر) پریس ریلیز(:  مر کز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر (ایم ایم ای آر سی)  ممبئی میں انگریزی زبان وادب کی تعلیم حاصل کررہے فضلاء مدارس   کے درمیان انگریزی زبان میں سال کا دوسرا تقریری مسابقہ کا انعقاد انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ  کیا گیا، جس میں فائنل راؤنڈ کے لیے منتخب ہونے والے کل نو طلباء حماد قریشی، احمد کلیم الزماں، محمد عدنان، عبد المالک،محمد بلال ، محمد سفیان، عبد الرب، طارق خان اور عاصم سہیل نے مختلف عناوین پر انگریزی زبان میں تقاریر پیش کرکے اپنی صلاحیتوں  کا بھر پور مظاہرہ کیا۔  

ایم ایم ای آر سی کےدو سالہ ڈی ای ایل ایل کورس کے نیشنل کو آرڈینیٹر مولانا مدثر احمد قاسمی کے مطابق مرکزالمعارف اور اس سے ملحق تمام آٹھ اداروں میں فضلاء مدارس کے مابین سال میں تین تقریری مسابقے ہوتے ہیں جن میں ڈیل کورس پڑھ رہے تمام فضلاء کی شرکت لازمی ہے اور ہر سال تمام  ملحقہ اور غیر ملحقہ ڈیل کورس چلانے والے اداروں کے تین بیسٹ اسپیکرس کے درمیان قومی سطح کا بھی ایک مسابقہ منعقد ہوتا ہے۔

   مہمان خصوصی دارالعلوم دیوبند کےشعبہ انگریزی کے نگراں  مولانا توقیر احمد قاسمی نے فضلاء مدارس کو مخاطب کر تے ہوئے فرمایا کہ آپ کے اندر اللہ تعالیٰ نے وہ صلاحیتیں پیدا کی ہیں کہ آپ  میدان عمل میں کارہائے نمایاں انجام دے سکتے ہیں،میری آپ سب سے گزارش ہے کہ بڑوں کی سرپرستی میں رہ کر کام کریں۔تقریر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا قیادت کے لئے تقریر کا ملکہ ہونا ضروری ہے، یہی وہ طریقہ جس کے ذریعہ آپ لوگوں کے افکار وخیالات بدل سکتے ہیں اور حق کا ہمنوا بنا سکتے ہیں۔ 

مسابقے میں جج کی ذمہ داری ادا کر نے والے پروفیسر محمد عارف انصاری نے اپنا تبصرہ پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ یقینا آپ سب نے بہترین تقاریر پیش کیں ہیں پھر بھی میں کہناچاہوں گا کہ ہر چیز میں مزید خوبی لانے اور بہتری پیداکرنے کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہیں لہذا آپ سب ایم ایم ای آر سی میں موجود مواقع سے بھر پور استفادہ کریں۔  پروگرام کے دوسرےجج جناب شیخ دبیر نے مسابقہ میں شرکت کرنے والے مساہمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنی تقریروں کے لئےجن عناوین کا آپنے انتخاب کیا یقینا وہ وقت کی ضرورت ہیں ،مجھے یقین ہے کہ آپ کے جدید افکار و خیالات سے دنیا مستفید ہوگی۔

پروگرام کی صدارت دارالعلوم وقف دیوبند کے رکن مشاورت جناب حافظ اقبال چونا والا نے کی اور انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں دعوتی مقاصد کے لئے انگریزی زبان کی اہمیت کو اجا گر  کرتے ہوئے ایم ایم ای آر سی کے ذریعےمولانا بدر الدین اجمل قاسمی کی خدمات کو انقلابی قرار دیا۔ ایم ایم ای آر سی کے ڈائریکٹر مولانا محمد برہان الدین قاسمی نے پروگرام کے اخیر میں رزلٹ کا اعلان کیا ، جس میں محمد طارق خان، محمد سفیان اور حماد قریشی بالترتیب اول، دوم اور سوم پوزیشن کے مستحق قرار پائے۔ 

 پروگرام میں نظامت کا فریضہ مفتی فہیم عثمانی نے بحسن خوبی انجام دیا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں مر کز المعارف کےبرانچ  انچارج مولانا عتیق الرحمٰن قاسمی ،مرکز المعارف کے اساتذہ مولانامحمد اسلم جاویدقاسمی،مفتی جسیم الدین قاسمی، مفتی محمد راشد قاسمی ،مولانا معاذ مدثر قاسمی،مولانا وسیم اکرم قاسمی  نے گراں قدر تعاون پیش کیا۔

SHARE