نئی: ٹیلی مواصلات کے شعبہ میں کال کی شرحوں میں مسابقت کے ساتھ ہی سرکاری ٹیکسوں کے بقایہ کی ادائیگی کی وجہ سے دباؤ کے سبب ٹیلی کام آپریٹروں ووڈا فون آئیڈیا لمیٹڈ اور بھارتیہ ایئرٹیل نے نئے پلان پیش کیے ہیں جس سے اب کال کی شرحوں کے ساتھ ہی موبائل انٹرنیٹ بھی مہنگا ہوگیا ہے۔ دونوں کمپنیوں کی نئی شرحیں تین دسمبر سے قومی سطح پر نافذالعمل ہونگی۔ اب ووڈا فون آئیڈیا یا ایئرٹیل سے بھی دوسرے آپریٹروں پر ایک مقررہ حد سے زیادہ کال کرنے پر چھ پیسے فی منٹ کا چارج لگے گا۔
ووڈا فون نے اتوار کویہاں جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دیتے ہوئے پری پیڈ خدمات کے لیے دودن ، 28دن ، 84دن اور 365 دن کے نئے پلان پیش کیے۔ نئے پلان سابقہ پلان کے مقابلہ تقریباً 40 فیصد تک مہنگے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی نے دوسرے آپریٹروں پر کی جانے والی کال کی بھی حد مقرر کردی ہے۔ اب گاہک ووڈا فون آئیڈیا سے ایئرٹیل، بی ایس این ایل اور جیو پر ایک مقررہ حد تک ہی کال کرسکیں گے۔
ووڈا فون سے ووڈا فون یاووڈا فون سے آئیڈیا یا آئیڈیا سے ووڈا فون یا آئیڈیا سے آئیڈیا کی کال کو آن نیٹ کال مانا جائیگا جبکہ ووڈا فون آئیڈیا سے دوسرے آپریٹروں پر کال کو آف نیٹ کال مانا جائیگا اور مقررہ حد سے زیادہ کال کرنے پر چھ پیسے فی منٹ کا چارج لگے گا۔

Leave a Reply