ترکی کا مشہور ڈرامہ ارطغرل غازی پاکستان کے سرکاری چینل پی ٹی وی پر کیا جائے گا نشر، عمران خان نے جار ی کی ہدایت






نئی دہلی: (ملت ٹائمز) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے مشہور ڈرامے ارطغرل غازی کو پی ٹی وی پر نشر کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ ملت ٹائمز کو ملی جانکاری کے مطابق ترکی کے مشہور ڈرامہ ارطغرل غازی کی مقبولیت دنیا کے دسیوں ممالک کے ساتھ پاکستان میں بھی بڑھتی جارہی ہے اور اسی کے پیش نظر اب عمران خان نے سرکاری چینل پر نشر کرنے کا حکم دیاہے ۔
اس سے متعلق وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخاردرانی نے کہا کہ وزیراعظم نے پی ٹی وی انتظامیہ کو سیریل نشر کرنے کی ہدایت کی ہے، سیریل کو پاکستان میں نشر کرنے کا مقصد قوم کو اسلامی تاریخ سے آگاہ کرنا ہے، ترک سیریل میں تاریخ اسلام، ثقافت اوراسلامی ہیروزکو اجاگرکیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ارطغرل غازی سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد تھے۔ وہ ترک اوغوز کی شاخ قائی کے سردار تھے۔ انہیں عام طور پر غازی کے لقب سے جانا جاتا ہے۔ عثمان اول کے زمانے میں ملنے والے سکوں سے ارطغرل کی تاریخی حیثیت ثابت ہوتی ہے۔
اس سے قبل ترکی کے کئی ڈرامے پاکستان میں نشر ہو چکے ہیں، جن میں عشقِ ممنوں، فریحہ، فاطمہ گل اور میرا سلطان جیسے کئی ڈرامے شامل ہیں۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، اس ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ اسلام کا بہتر تشخص اجاگر کرنے کے لیے ایک ٹی وی چینل لایا جائے گا۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *