متنازع شہریت بل کی حمایت کرنے پر جے ڈی یو میں بغاوت ۔ پرشانت کشور کی سخت تنقید ۔ مسلم رہنما جوہر آزاد نے استعفی دے دیا

ہمارے دیش اور آئین پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ پارٹی پوری طرح کھڑی ہے تو اس حال میں پارٹی کے ساتھ وابستہ نہیں رہ سکتے ہیں ۔ نتیش کمار صاحب جے ڈی یو کو آر ایس ایس کے ہاتھ میں پوری طرح دے دینے کیلئے آپ کو مبارکباد
پٹنہ (ملت ٹائمز)
متنازع شہریت بل کی حمایت کرنے کی وجہ سے جنتادل یونائٹیڈ میں بغاوت شروع ہوگئی ہے ۔پارٹی کے نائب صدر پرشانت کشور نے نتیش کمار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایاہے اور بھی کئی لیڈرو ںنے نتیش کمار کے فیصلے سے اتفاق نہیں کیاہے ۔پارٹی کے ایک مسلم رہنما جو ہر آزاد نے ناراض ہوکر استعفی دے دیاہے ۔ جو ہر آزاد جھارکھنڈ میں جے ڈی یو جنرل سکریٹری اور الیکشن انچار ج تھے۔9دسمبر کو لوک سبھا میں بل پیش کیاگیا جس کی جے ڈی یو نے بھی حمایت کی تھی ۔ اب راجیہ سبھا میں جے ڈی یو حمایت کرے گی یا مخالفت سب سے اہم ہے ۔
پارٹی کے لیٹر ہیڈ پر نتیش کمار کو انہوں نے استعفی نامہ لیکر بھیجاہے کہ لوک سبھا میں متنازع شہریت بل کی حمایت کرنے پر مجھے اور تمام مسلمانوں کو بیحد افسوس ہواہے اور ہم سبھی خود کو ٹھگا ہوامحسوس کررہے ہیں ۔پارٹی نے ہمارا اعزاز مسلمان ہونے کی وجہ سے کیاتھا ،مسلمانوں کے بغیر ہماری شناخت ادھوری ہے ۔ہمارے دیش اور آئین پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ پارٹی پوری طرح کھڑی ہے تو اس حال میں پارٹی کے ساتھ وابستہ نہیں رہ سکتے ہیں ۔ نتیش کمار صاحب جے ڈی یو کو آر ایس ایس کے ہاتھ میں پوری طرح دے دینے کیلئے آپ کو مبارکباد ۔
جے ڈی یو کے مسلم ایم ایل سی خالد انور اور مولانا غلام بلیاوی کو سوشل میڈیا پر نوجوان شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں ۔ جے ڈی یو نے لوک سبھا میں حمایت کی ہے تاہم راجیہ سبھا میں ابھی تک رخ صاف نہیں ہوا ہے ۔اگر راجیہ سبھا میں جے ڈی یو مخالفت کرتی ہے تو یہ بل پاس نہیں ہوپائے گا ۔