گلبرگہ(آئی این ایس انڈیا)
ممتاز عوامی خدمت گزار و کانگریسی لیڈر مسٹر ساجد علی رنجولوی نے شہریان گلبرگہ سے اپیل کی ہے کہ وہ 21جنوری کو پیر بنگالے گراونڈ، رنگ روڈ گلبرگہ میں سی اے اے،این سی آر اور این پی آر کے ضمن میں 10.30بجے دن سے منعقد کئے جانے والے عظیم الشان عوامی کنونشن میں بھاری تعداد میں شرکت کرکے اس کنونشن کو کامیاب بنائیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ یہ کنونشن علاقہ کی عظیم مذہبی شخصیتوں کی سرپرستی میں منعقد کیا جارہا ہے جس میں سات اضلاع کرناٹک کے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائیدین، مذہبی و سماجی رہنماءحضرات، مختلف مذہبی، سیاسی اور سماجی تنظیموں کے سرگرم کارکنان حصہ لے رہے ہیں۔ ساجد رنجولوی نے کہا ہے کہ سارے ملک میں سی اے اے، این سی آر اور این پی آر کےخلاف احتجاجی جلسے ہورہے ہیں جن میں مرد، عورتیں نوجوان اور مختلف مذاہب کے لوگ حصہ لے رہے ہیں۔ مذکورہ بالا قوانین کے نفاذ سے ملک کے عوا م خوش نہیں ہیں اور سارے ملک میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ انھوں نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ گلبرگہ میں 21جنوری کو منعقد کیا جانے والا کنونش بھی کامیاب ہوتا ہے تو اس سے مرکزی حکومت کو مثبت پیغام مل سکتا ہے اور وہ مذکورہ بالا قوانین کے نفاذ کے بارے میں از سر نو غور کرسکتی ہے۔






