بی جے پی کے چہیتے کپل مشرا کے بگڑے بول،کہاشاہین باغ میں پاکستان کی ہو چکی ہے انٹری

نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)
عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے کپل مشرا کجریوال کے ساتھ شاہین باغ پر بھی تابڑ توڑ بیان بازی کر رہے ہیں۔دہلی انتخابات کو ہندوستان بمقابلہ پاکستان بتاتے ہوئے انہوں نے آج شاہین باغ مظاہرے پر بہت سے ٹویٹ کئے۔اس مظاہرے کو انہوں نے پاکستانی فسادیوں کا دہلی پر قبضہ قرار دیا۔مشرا نے اپنے اس بیان سے جڑے کئی نیوز کلپس بھی سوشل میڈیا پرشیئر کئے ہیں۔انہوں نے ایک ٹویٹ کیا جس میں کہا کہ 8 فروری کو دہلی کی سڑکوں پر ہندوستان بمقابلہ پاکستان ہوگا۔انہوں نے ٹویٹ کیاکہ ہندوستان بمقابلہ پاکستان، 8 فروری، دہلی8 فروری کو دہلی کی سڑکوں پر ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ ہوگا۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھاکہ پاکستان کی انٹری شاہین باغ میں ہو چکی ہے،دہلی میں چھوٹے چھوٹے پاکستان بنائے جا رہے ہیں۔شاہین باغ، چاند باغ، اندرلوک میں ملک کا قانون نہیں مانا جا رہاہے۔پاکستانی فسادیوں کا دہلی کی سڑکوں پر قبضہ ہے۔