جامعہ میں سی اے اے کے خلاف پر تشدد مظاہرے کے الزام میں ایک شخص گرفتار

نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں گزشتہ ماہ نظر ثانی شہریت قانون (سی اے اے) کے خلاف مظاہرے کے دوران ہوئے تشدد میں مبینہ طور پر شامل ہونے کے الزام میں پولیس نے ایک 22 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔حکام نے یہ معلومات دی۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار نوجوان کی شناخت فرقان کے طور پر کی گئی ہے جو جامعہ نگر کا رہنے والا ہے،فرقان کے والد محمد نعیم نے بتایا کہ پولیس ان کے بیٹے کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر لے گئی ہے جس میں وہ ایک کنستر لیے ہوئے ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ اس میں پٹرول ہے یا پانی۔نعیم نے بتایاکہ پولیس میرے بیٹے کو جمعرات کی شام چھ بج کر 30 منٹ پر سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر لے گئی۔پولیس نے بتایا کہ جس دن تشدد کا واقعہ ہوا اس دن فرقان کنستر لیے ہوئے تھا۔ پولیس نے بتایا کہ جامعہ نگر میں ہوئے تشدد کے معاملے میں 10 ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور اب تک 102 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔