جے پور: شہریت ایکٹ (سی اے اے) کے خلاف تقریباً40 دن سے مظاہرے ہو رہے ہیں۔ دہلی کا شاہین باغ سی اے اے کی مخالفت کرنے کی وجہ سے خبروں میں ہے۔ 90 سالہ خواتین ،بچے ،جوان اور ہر طرح کے لوگ اس احتجاج میں شامل ہیں ۔ خواتین کا کہنا ہے کہ جب تک مرکزی حکومت اس قانون کو واپس نہیں لیتی اس وقت تک ان کا ٰاحتجاج ختم نہیں ہوگا۔ اپوزیشن جماعتیں بھی اس قانون کے خلاف مودی سرکار پر حملہ کر رہی ہیں۔ کانگریس سمیت زیادہ تر سیاسی جماعتیں اس ترمیم شدہ قانون کو آئین کے منافی قرار دے رہی ہیں۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور اتوار کے روز جے پور میں تھے۔ انہوں نے یہاں ‘جے پور لٹریچر فیسٹیول’ میں اپنی تقریر میں ایک بار پھر سی اے اے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سی اے اے کے بعد این آر سی نافذ ہوجاتی ہے تو بانی پاکستان محمد علی جناح جیت جائیں گے۔
ششی تھرور نے کہا ، ‘سی اے اے کے نفاذ کے بعد یہ جناح کے دو قومی نظریہ کو مکمل کرنے جیسا ہے۔ میں یہ نہیں کہوں گا کہ جناح جیت گئے ہیں لیکن وہ جیت رہے ہیں۔ اگر سی اے اے این پی آر اور این آر سی کی اساس ہے تو پھر وہی لائن ہوگی۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو آپ کہہ سکتے ہیں کہ جناح کی فتح مکمل ہوگئی ۔ جناح جہاں بھی ہوں گے ، وہ ضرور یہ کہہ رہے ہوں گے کہ وہ بالکل درست تھے کہ مسلمان ایک علیحدہ ملک کے لائق تھے کیونکہ ہندو مسلمانوں کے ساتھ گھل مل نہیں سکتے ہیں۔






