شاندار جیت کے بعد اروند کیجروال کا پہلا خطاب ۔ دہلی کے باشندوں اور عآپ کارکنا ن کا شکریہ ادا کیا

نئی دہلی (ملت ٹائمز)
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد عوام سے خطاب کیا۔ انھوں نے سب سے پہلے ’بھارت ماتا کی جے‘، ’انقلاب زندہ باد‘ اور ’وندے ماترم‘ جیسے نعرے بلند کیے اور اس کے بعد کہا کہ ”دہلی والو، آپ نے غضب کر دیا۔ آئی لو یو۔“ اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ”یہ میری جیت نہیں، دہلی کی ہر اس فیملی کی جیت ہے جس نے مجھے بیٹا سمجھ کر ووٹ دیا ہے۔ یہ ہر اس فیملی کی جیت ہے جس کے گھروں میں چوبیس گھنٹہ بجلی ملنے لگی، جس کے بچوں کو معیاری تعلیم ملنے لگی، جن کو اسپتالوں میں اچھا علاج ملنے لگا۔“
لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے اروند کیجریوال نے مزید کہا کہ ”دہلی کے لوگوں نے آج ملک میں ایک نئی طرح کی سیاست کو جنم دیا ہے، اور اس کا نام ہے ’کام کی سیاست‘۔ دہلی کے لوگوں نے اب پیغام دے دیا ہے کہ ووٹ اسی کو ملے گا جواسکول بنوائے گا، ووٹ اسی کو ملے گا جو محلہ کلینک بنوائے گا، جو سستی بجلی دے گا، سڑک بنوائے گا۔ یہ الگ قسم کی سیاست ہے جو ملک کے لیے خوش آئند ہے۔ اور یہی سیاست ہمارے ملک کو اکیسویں صدی میں لے جا سکتی ہے۔

SHARE