ماہ رمضان کے پیش نظر دہلی وقف بورڈ نے جاری کی اہم ہدایات

نئی دہلی: (پریس ریلیز) ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر کورونا (Covid-19) وبا سے متعلق رہنما ہدایات
سب سے پہلے تمام مسلمان اور برادران وطن کو رمضان المبارک کی مبارکباد!
جیسا کہ ہم سب کو معلوم ہے اس وقت پوری دنیا کورونا جیسی متعدی بیماری کی زد میں ہے جس سے ہمارا ملک ہندوستان بھی محفوظ نہیں ہے۔ عالمی ادارہ صحت اور مرکزی و ریاستی حکومتوں کے محکمہ صحت عامہ نے کورونا (کووڈ19) کو متعدی مرض قرار دیاہے جو ایک شخص سے دوسرے شخص کے رابطہ میں آنے سے پھیلتا ہے اس لئے عالمی ادارہ صحت اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ رہنما ہدایات پر عمل کرنا لازم ہے تاکہ اس بیماری سے محفوظ رہا جاسکے۔ اس سلسلہ میں ہندوستان کے مشہور علماء کرام اور مدارس اسلامیہ خاص کر دارالعلوم دیوبند کی جانب سے بھی مسلمانوں سے ضروری احتیاط کی اپیل کی گئی ہے۔
ان امور کو ملحوظ رکھتے ہوئے دہلی وقف بورڈکی جانب سے اپنے ماتحت آنے والی درگاہ /قبرستان /مساجدکے ائمہ و مؤذن اورذمہ دارحضرات سے خصوصی طور پر اور دیگر مساجد کے ائمہ و مؤذنین سے عمومی طور پراپیل کی جاتی ہے کہ وہ مساجد/مدارس /درگاہ/قبرستانوں میں کورونا (Covid-19) کے سد باب کے لئے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رہنما ہدایات پر عمل کے ساتھ ساتھ صاف صفائی کا خصوصی خیال رکھیں۔اس سلسلہ میں مندرجہ ذیل ہدایات اور مشوروں پر عمل کرنے کی گزارش کی جاتی ہے۔
(ا) مساجد میں نماز اور جماعت کی ادائگی کے سلسلہ میں مقامی انتظامیہ اور حکومتی اداروں کی جانب سے جو رہنما ہدایات جاری کی گئیں ہیں ان پرسختی سے عمل کیا جائے اور مسجد میں جمع ہونے کے سلسلہ میں جو تحدید (limitation) انتظامیہ کی جانب سے لگائی گئی ہے اس پر عمل کرتے ہوئے گھروں میں نماز کی ادائگی کو ترجیح دی جائے۔
(ب) رمضان المبارک میں نماز تراویح اپنے مقامات/گھروں میں ہی اداکرنے کی حوصلہ افزائی کریں، مساجد میں صرف امام، مؤذن اور متولی ہی نماز تراویح ادا کریں۔
(ج) اس وباء سے تمام انسانوں کی نجات اور وطن عزیز کی حفاظت کے لئے دعاؤں کا خصوصی اہتمام کریں۔
(د) مساجد کے ائمہ اور مؤذنین پنج وقتہ نمازوں کی اذان کے فورا بعداور دن میں بھی متعدد مرتبہ مساجد سے اعلان کریں اور کورونا (کووڈ19) کے متعلق عوام میں بیداری کے لئے لوگوں سے مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کا مشورہ دیں:
(1) لوگ اپنے ہاتھوں کو صابون سے دھوئیں یا سینیٹائزر سے صاف رکھیں۔
(2) کھانستے یا چھینکتے وقت اپنی ناک اور منہ کو ٹشو یا کہنی کے ذریعہ ڈھانپ لیں۔
(3) جنھیں سردی یا بخار کی علامات محسوس ہوں ان سے قریبی رابطہ بنانے سے پرہیز کریں۔