بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ پاکستان دو لاکھ کے قریب پہنچ رہا ہے۔ امریکا میں بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث فلوریڈا اور ٹیکساس کے گورنروں نے لاک ڈاؤن میں نرمی ملتوی کر دی۔
بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔ حکام کے مطابق ہفتے کی صبح پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں ساڑھے اٹھارہ ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔ سرکاری اعداد شمار کے مطابق کووڈ انیس کے مہلک مرض سے مزید تین سو پچاسی اموات کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد پندرہ ہزار چھ سو پچاسی ہوچکی ہے۔
طبی ماہرین کے اندازوں کے مطابق بھارت میں آئندہ ماہ کے آخر تک دس لاکھ افراد کورونا وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں۔
پاکستان میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ ننانوے ہزار کو پہنچ رہی ہے جبکہ ہلاکتیں چار ہزار سے زیادہ ہو گئی ہیں۔ کیسز کی تعداد میں صوبہ سندھ کا شہر کراچی سب سے زیادہ متاثر ہے لیکن اموات کے لحاظ سے صوبہ پنجاب سب سے آگے ہے۔
عالمی سطح پر کووڈ انيس کے متاثرين کی تعداد اٹھانوے لاکھ اور ہلاک شدگان کی تعداد چار لاکھ چرانوے ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ امریکی ادارے جان ہاپکنس یونیورسٹی کے مطابق دنيا ميں لگ بھگ پچاس لاکھ افراد اس بيماری سے صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔






