سیریا کا خونیں منظرنامہ

ابوعدنان سعید الرحمن سنابلی
سیریا سے آنے والی خبریں اوراور بربادی کی تصویریں انتہائی دل فگار، المناک اور کربناک ہیں۔ اس وقت سیریا عالمی سپرپاور طاقتوں کے لئے اپنی طاقت کی نمائش کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ایک طرف روس کا خبطی صدر ہے جو طاقت کے نشہ میں اس قدر چور ہے کہ وہ ہر نئی صبح الٹے پلٹے بیانات کے ذریعہ انسانیت کو شرمسار کرتا ہے تو دوسری طرف امریکہ ہے جو اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہا ہے اور اپنی چودھراہٹ جتانے کی کوشش کررہا ہے۔سیریا کا ظالم اور خونخوار صدر بشار اسد اپنے ہی ہاتھوں اپنے ملک کے عوام کی نسل کشی کا مرتکب ہورہا ہے اور اپنے ملک کو تباہ و برباد کررہا ہے۔ آج عالم یہ ہے کہ سیریا کے مختلف شہرکھنڈروں میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں بچے یتیم ہوچکے ہیں،لاکھوں عورتوں کا سہاگ اجڑ چکا ہے بلکہ سیریا کی حالت اس سے کہیں زیادہ خطرناک اور ڈراؤنی ہے جسے دیکھ اور سن کر کلیجہ منہ کو آجاتا ہے اور روح کانپ اٹھتی ہے۔افسوس صد افسوس کہ حقوق انسانی کے برساتی مینڈکوں کو سانپ سونگھ گیا ہے اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی ہے۔ کیوں؟ صرف اس وجہ سے کہ سیریا میں مرنے والے لوگ مسلمان ہیں۔وہاں رونے اور بلکنے والے بچے مسلم بچے ہیں۔یہ دنیا اوراس کے حکمراں کس قدر دوغلے ہوچکے ہیں کہ ایک طرف تو جانوروں کے حقوق کی باتیں ہوتی ہیں، وہیں دوسری طرف انسانیت دم توڑتی ہے ، بچے بلبلاتے ہیں، عورتیں بلکتی ہیں اور بوڑھے کراہتے ہیں لیکن حقوق انسانی کے نام نہاد علمبرداروں کی کانوں پر جوں تک رینگتی۔ طرفہ تماشہ ہے کہ عالمی سپرپاور طاقتیں سیریا میں ہرممکن طاقتوں کا استعمال کررہی ہیں،سیریائی مسلمانوں کے محلات اور گھروں پر جنگی جہازوں سے بموں اور میزائلوں کی بارش کررہی ہیں، اس کے بعد بھی وہ امن کی چمپئن اور علمبردار ہیں اور ان کے یہ اقدامات امن و آشتی کے قیام کے لئے ہیں لیکن جو نہتے مظلوم لوگ ظلم و ستم کے خلاف آوازیں بلند کررہے ہیں وہ خونخوار اور موجودہ زمانے کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔
عالمی طاقتوں کو چاہئے کہ وہ اس طرح سے منمانی کرنا ترک کردیں ،کیونکہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔ ایک طرف شام کے ظالم صدر کی پشت پناہی ہورہی ہے اور دوسری طرف دہشت گردی کو مٹانے کی بات! سبھی طاقتوں کو سوچنا چاہئے کہ اللہ کے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ اللہ تعالیٰ سیریائی مظلوم مسلمانوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جانے دے گا بلکہ اس پر ظالموں سے ضرور بالضرور مواخذہ فرمائے گا۔ اے بار الٰہا! تو سیریائی مسلمانوں کی مدد فرما اور انہیں عزت و سطوت عطا فرما۔ آمین۔(ملت ٹائمز)

SHARE