کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ملزموں کے خلاف مقدمہ لڑنے کے لئے تین وکیلوں کی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بنگلورو (ملت ٹائمز)
کرناٹک حکومت نے پیر کو کہا ہے کہ بنگلورو کے مشرقی حصوں میں ہوئے فسادات کے دوران نجی اور سرکاری جائیداد کے نقصانات کا اندازہ کیا جائے گا اور اس کے نقصانات کی بھرپائی قصورواروں سے کرائی جائے گی۔ وزارت داخلہ کی اعلی سطحی میٹنگ کے بعد وزیراعلی بی ایس یدی یورپّا نے نامہ نگاروں کو یہ اطلاع دی۔ اس میٹنگ میں داخلہ سکریٹری اور چیف سکریٹری کے ساتھ وزیر داخلہ اور یدی یورپا بھی موجود تھے۔
یدی یورپا نے بتایا کہ وزارت داخلہ اس سلسلے میں ہائی کورٹ میں اپیل کرے گی اور عدالت سے کلیمز کمشنر مقرر کرنے کی اپیل بھی کرے گی۔ انہوں نےکہا کہ ’’فسادیوں کے ذریعہ دنگوں کے دوران نجی اور سرکاری جائیداد کو پہنچائے گئے نقصانات کا اندازہ لگایا جائے گا۔‘‘
وزیراعلی نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ملزموں کے خلاف مقدمہ لڑنے کے لئے تین وکیلوں کی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنگوں کی جانچ کرنے کے لئے خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس فساد میں مبینہ طور پر تین ہزار سے زیادہ فسادیوں نے تشدد میں حصہ لیا تھا اور رکن اسمبلی کے گھر میں آگ لگانے کے علاوہ کئی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی تھی۔