نئی دلی: پرانی دلی کے فیصلی شہر فراشخانہ کے تاریخی اردو میڈیم سرکاری امداد یافتہ مظہرالسلام سیکنڈری اسکول کی منتظمہ کمیٹی میں تیزی سے تبدیلی آرہی ہے ۔ آج منتظمہ کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ میں محمکہ تعلیم کے نمائندوں کی موجودگی میں سابق منیجر ظفر صاحب کا استعفے قبول کر کیا گیا اور ان کی جگہ اسکول کے سابق وائس پرنسپل جناب مشتاق بیگ صاحب کو متفقہ طور پر اگلے تین سال کے لئے منیجر منتخب کر لیاگیا ۔ مزارات بیگ صاحب کا طویل تدریسی تجربہ ہونے کے ساتھ ۱۲ سال کا وائس پرنسپل کی حیثیت سے اہتمامئُ تجربہ بھی ہے ۔ ایک طرف وہ اسکول کے تمام معاملات سے واقف ہیں وہیں دوسرے جانب محکمہ تعلیم کے طریقہ کار سے بھی واقف اور یہ طویل تجربہ اسکول کی موجودہ صورتحال سے نبرد آزمائی کے لئے مفید ہوگا ۔
اس سے دوماہ قبل اسکول کے سابق چئرمین جناب حنیف صاحب کے استعفی منظور کرتے ہوئے ملک کے معروف سماجی کارکن اور اسکول کے سابق طالب علم ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی کو متفقہ طور ہر چئیرمین منتخب کیا گیا تھا ۔ کمییڑی کے دیگر عہدیداران میں بھی جلد ہی تبدیلی ہوگی۔
مظہر اسلام اسکول کی منتظمہ نے آج طے کیا کہ کئی سالوں سے جاری اساتذہ کے مسائل بھی اگلے دوماہ میں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ساتھ ہی ترجیحی بنیادوں پر ۲۵ میں سے ۱۶ اساتذہ اور دیگر خالی جگہوں کو پر کرنے کے لئے دلی کے محکمہ تعلیم پر زور دی جائے گا تاکہ تعلیمی ماحول جدل از جلد بحال ہو سکے۔ ساتھ ہی منتظمہ کمیٹی کے دیگر ارکان کی سیکھ دیکھ میں دلی کے ماہرین تعلیم ہر مشتمل مختلف کمیٹان تشکیل دی جائیں گی تاکہ تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت اور انتظامی امور کو سر انجام دینے میں زیادہ سے زیادہ ماہرین کا تعاون حاصل کیا جاسکے اوراس طرح ایک سو اٹھارہ سالہ قدیم تعلیم ادارے کی عظمت رفتہ اور وقار کو بحال کیا جاسکے اور شاہجہانی دلی میں موجود اسلاف کے قیمتی ورثے کی حفاظت اور مزید توسیع و ترویج کی جا سکے۔
اس موقع پر منتظمہ کمیٹی نے ایک متفقہ قرارداد پاس کرتے ہوئے علاقے کے مقامی رکن اسمبلی اور دلی کے وزیر محترم جناب عمران حسین صاحب کی خدمت میں ہدیہ سپاس پیش کرتے ہوئے اسکول کے لئے ان کی بے لوث اور بے بہا خدمات کا اعتراف کیا۔ اپنے فنڈ اے ۲۵ لاکھ روپے کی خطیر رقم عطا کر کے اسکول کی عمارت کی مرمت اور تزئین کاری خود اپنی دیکھ ریکھ میں کرانے کے لئے منتظمہ نے شکرگذاری کا احساس ظاہر کیا اور امید جتائی کے مستقبل میں بھی ان کا تعاون جاری ہے گا۔ منتظمہ کمیٹی جلد ہی ایک عوامی پروگرام منعقد کر کے انُ کی نیز دیگر خدمت گذارن اسکول کی خدمت میں عوامی استقبالیہ پیش کرے گی ۔ منتظمہ کمیٹی نے اہل علاقہ سے بھی اپیل کی ہے کہ اب جبکہ اسکول کا تعلیمی نظام بہتری کی راہ پر گامزن ہورہا ہے اپنے نونہالوں کو عمدہ تعلیم بہترین تربیت کے لئے زیادہ سے زیادہ تعدا میں اسکول میں داخل کروائیں اور دلی حکومت کی جانب سے مفت تعلیم کے اس بہترین موقع سے فائدہ اٹھائیں ۔