بنگال دورے پر آئے قومی تنظیم کے آرگنائزنگ سکریٹری محمد احمد کا بیان، جمیل منظر کو بنگال کے صدر کی ذمہ داری جبکہ مشتاق عالم (ایم ایل اے) اور خواجہ احمد حسین کو ورگنگ صدر بنایاگیا
کولکاتہ: آج یہاں کولکاتہ کے کریسٹ ووڈ ہوٹل میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں آل انڈیا قومی تنظیم کے قومی آرگنائزنگ سکریٹری اور کولکاتہ کے آبزرور و مشہور صحافی محمد احمد نے کولکاتہ پردیش قومی تنظیم کی نئی ٹیم کی کمان کولکاتہ کی مشہور سماجی اور ملی شخصیت جمیل منظر کوسونپی جبکہ مالدہ سے ایم ایل اے مشتاق عالم اور ماسٹر خواجہ احمد حسین (شمالی 24 پرگنہ)کو ورکنگ صدر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آنے والے ایک ماہ میں ریاستی صدر جمیل منظر و دیگر ذمہ داروں سے مشورہ کے بعد نئی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ محمد احمد نے کہاکہ آل انڈیا قومی تنظیم کا اس وقت سب سے بڑا مقصد نفرت کے خلاف کام کرنا اور لوگوں میں فرقہ پرستوں کے ذریعہ پیدا کی جانے والی دوریوں کو پاٹنا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جس طرح سے نفرت کے سودا گر ملک کی صاف ستھری فضا میں فرقہ پرستی کا زہر گھول کر اپنی سیاسی روٹی سینکنا چاہتے ہیں وہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے اور نہ ہی آنے والی نسلوں کے مفاد میں ہے ۔ محمد احمد نے کہاکہ آج اگر ہم نے اپنی نئی نسل کے لوگوں کو محبت کا پیغام اور گاندھی جی کے اہنسا کے اصولوں کو نہیں سمجھایا تو ہماری پیڑھیاں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ انہوںنے کہاکہ اگر نفرت کا سبق پڑھ کرکے ہمارے بچے جوان ہوئے تو ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگاکہ کل کا بھارت ہم کیسا بنا نا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ تعلیم تجارت سب کی اپنی اہمیت ہے لیکن اس وقت سب سے زیادہ ضرورت سبھی طبقات اور مذاہب کے درمیان محبت کی فضا ہموار کرنے کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ قومی تنظیم ہر طرح کی فرقہ پرستی کے خلاف ہے، چاہے وہ اکثریت کی طرف سے ہو یا اقلیت کی طرف سے ،لیکن اکثریت کا یہ فرض ہے کہ وہ اقلیت کی طرف دوستی کے ہاتھ بڑھائے اور اقلیتی کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اکثریت کا احترام کرے۔
محمد احمد نے کہا کہ ایک گروہ ایسا بھی ہو جو تعلیم اور تجارت و تربیت کے شعبہ میں بھی کام کرے تاکہ ملک ترقی کی طرف جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر نفرت بڑھتی رہی تو ملک کا نقصان ہوگا اور ملکی معیشت کو شدید نقصان پہونچے گا۔دنیا میں ہماری تھو تھو ہوگی۔ اس لئے عالمی فورم پر اپنے وقار کو بنائے رکھنے کیلئے ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم نفرت کا مقابلہ محبت سے کریں۔ جمیل منظر نے آل انڈیا قومی تنظیم کے قومی صدر طارق انور کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ جس طرح مجھ پر طارق انور نے بھروسہ کیا ہے میری کوشش ہوگی کہ میں اس میں صدفیصدکھرا اتروں ۔ انہوںنے کہاکہ آنے والے ایک ماہ میں پوری کمیٹی کے بنانے کا اعلان قو می صدر طارق انور کی موجودگی میں ہوگا جس میں بنگالی زبان کے لوگوں کو سب سے زیادہ ترجیح دی جائے گی ۔ جمیل منظر نے کہاکہ قو می تنظیم کے دروازے ایسے تمام لوگ جو سیکولر ہیںان کیلئے کھلے ہیں۔جولوگ گاندھی وادی سوچ کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں وہ کسی بھی مذہب کے ہوں ہم ان کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ جڑیں اور نفرت کی دھار کم کرنے میں مدد کریں ۔خواجہ احمد حسین نے طارق انور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے صدر کا اعتماد ٹوٹنے نہیں دیں گے اور پوری طاقت سے گاندھی وادی سوچ کو آگے بڑھائیں گے اور جلد از جلد نئی ٹیم بنانے کا اعلان ہوگا تاکہ پوری طاقت سے ریاست میں قومی تنظیم کو کھڑا کیا جائے اور سبھی طبقات کے لوگوں کو قومی تنظیم میں جگہ دی جائے۔