لاپتہ کسانوں کی تلاش کے لیے ’سنیوکت کسان مورچہ‘ نے تشکیل دی کمیٹی








کسانوں کی جانب سے ایک موبائل نمبر جاری کیا گیا ہے تاکہ کسی کو لاپتہ کسانوں کے بارے میں کوئی جانکاری ملے تو وہ مطلع کر سکے۔ یہ موبائل نمبر ہے 8198022033۔

نئی دہلی: (تنویر) یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کے ذریعہ نکالی گئی ’ٹریکٹر پریڈ‘ میں ہوئے تشدد کے بعد کئی کسانوں کے لاپتہ ہونے کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ اب ان کسانوں کی تلاش کے لیے ’سنیوکت کسان مورچہ‘ نے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی لاپتہ کسانوں کے بارے میں کوئی بھی جانکاری حاصل ہونے پر تال میل بنا کر اس سلسلے میں آگے کی کارروائی کرے گی اور یہ جاننے کی کوشش بھی کرے گی کہ آخر وہ غائب کیوں ہوئے۔

یہاں قابل ذکر ہے کہ سنیوکت کسان مورچہ نے گزشتہ دنوں دعویٰ کیا ہے کہ کسان پریڈ کے دوران ہوئے تشدد کے بعد 100 سے زائد کسان مظاہرہ کے مقام پر نہیں پہنچے اور وہ لاپتہ ہیں۔ ان کے بارے میں کسان تنظیموں کو کوئی جانکاری بھی نہیں مل پا رہی ہے۔ اس تعلق سے اتوار کے روز کنڈلی بارڈر پر پنجاب کی 32 کسان تنظیموں کی میٹنگ ہوئی اور ٹریکٹر پریڈ کے دوران لاپتہ ہوئے کسانوں کی تلاش کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی۔

بہر حال، لاپتہ کسانوں کے بارے میں پتہ کرنے کے لیے جو کمیٹی بنی ہے، اس میں پریم سنگھ بھنگو، راجندر سنگھ دیپ سنگھ والا، اوتار سنگھ، کرنجیت سنگھ سیکھو اور بلجیت سنگھ شامل ہیں۔ ہندی نیوز پورٹل ’نیوز 18‘ کے مطابق کسانوں کی جانب سے ایک موبائل نمبر بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ کسی کو لاپتہ کسانوں کے بارے میں کوئی جانکاری ملے تو وہ مطلع کر سکے۔ یہ موبائل نمبر ہے 8198022033۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *