ای ڈی آر ایس ایس کی پروپگنڈہ ایجنسی کے طور پر کام کر رہی ہے: پاپولر فرنٹ

نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس رلیز میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایجنسی نے پاپولر فرنٹ کے عہدیداران و ممبران کے خلاف لکھنؤ کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ، ۲۰۰۲ (پی ایم ایل اے) کی دفعات کے تحت استغاثہ کی شکایت درج کی ہے۔ لیکن مذکورہ پریس رلیز کی تفصیلات پڑھ کر یہ واضح ہوتا ہے کہ ہماری تنظیم کے بارے میں میڈیا اور سماج کو گمراہ کرنے کے لئے جان بوجھ کر یہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس حقیقت سے سبھی واقف ہیں کہ ای ڈی گذشتہ کئی مہینوں سے تنظیم کی تفتیش کر رہی ہے اور وہ تنظیم کی قیادت سے اچھی طرح واقف ہے۔ پھر بھی پریس رلیز میں اس طرح کے فرضی دعوے کئے گئے ہیں۔

وہیں دیگر تنظیموں کے ممبران/عہدیداران کو بھی پاپولر فرنٹ کے عہدیداران بتایا گیا ہے۔ یہ کوئی اتفاقی غلطی بالکل بھی نہیں ہے۔ منصفانہ و شفاف تفتیش کے ذریعہ اپنے مقدمے کو ثابت کرنے کے بجائے، ای ڈی مسلسل ہاتھرس کے ”ذات پات کی بنیاد پر تشدد بھڑکانے“ جیسے تصوراتی، فرضی اور سیاسی طور سے متاثر معاملوں میں پاپولر فرنٹ کا نام گھسیٹنے میں لگی ہوئی ہے۔ بحیثیت تفتیشی ایجنسی ای ڈی کی کوئی معتبریت باقی نہیں بچی ہے۔ پاپولر فرنٹ اس سے یہی سمجھتی ہے کہ ای ڈی تنظیم کو بدنام کرنے کے لئے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے دباؤ میں کام کر رہی ہے۔ پاپولر فرنٹ کو نشانہ بنانے کے ای ڈی کے اس رویّے سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ وہ آر ایس ایس کے مفاد کی تکمیل کے لئے کام کر رہی ہے۔