ہم متاثرہ خاندانوں کو ایک باوقار زندگی گزارتے دیکھنا چاہتے ہیں: پی کے نوفل
نئی دہلی: (پریس ریلیز) شمال مشرقی دہلی میں ہوئے فسادات کو ایک سال مکمل ہوگئے ، فروری 2020 میں ہوئے اس بدترین فساد میں 53 لوگوں کی جان چلی گئی تھی، فسادیوں نے کروڑوں کی ملکیت جلا کر راکھ کردیاتھا ۔ گھروں اور دوکانوں میں پہلے لوٹ پاٹ کی پھر آگ کے حوالے کردیا ۔
سیکڑوں خاندان ایک لمحے میں تباہ ہوگئے ، جب فساد تھما تو متاثرین کی زندگی کو بحال کرنے کے لیے سرکاری اورغیرسرکاری سبھی اداروں نے متاثرہ علاقوں میں کام شروع کیا ۔ وژن 2026 نے بھی اپنی ذیلی تنظیموں ، سوسا ئٹی فار برا برائٹ فیوچر، ہیومن ویلفیر فاونڈیشن ، میڈیکل سروس سوسائٹی ، ہیومن ویلفیر ٹرسٹ ، وومن امپاورمینٹ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ کے ساتھ بڑے پیمانے پر کام شروع کیا تھا جو کئی مرحلوں سے گزرتے ہوئے اب مکمل ہوا ہے ۔
پروجیکٹ کی تکمیل پر وژن 2026 کے سی ای او پی کے نوفل نے آج ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ان کی کوششوں سے فساد متاثرہ 300 خاندانوں کو دوبارہ ان کے پیروں پر کھڑا کرنے کا کام ہوا ہے ۔ تباہ شدہ گھروں اور دوکانوں کی تعمیر نو اور متاثرین کو روزگار سے جوڑنے پر توجہ دی گئی ہے ۔ پی کے نوفل نے مزید بتایا کہ فساد کی اطلاع ملتے ہی ہمارے والنٹیرس نے میدان میں مورچہ سنبھالا ریلیف کیمپ قائم کرکے سب سے پہلے متاثرین کو کھانے پینے کی چیزیں اور دیگر ضروری اشیا پہونچانی شروع کی گئیں پھر وژن 2026 کی ٹیم نے متاثرین سے مل کر ان علاقوں کا زمینی سروے کیا نقصانات کا پتہ لگا کر باقاعدہ باز آبادکاری منصوبہ ترتیب دے کر کام شروع کیا گیا۔
فساد میں لوگوں کے کار و بار تباہ ہوگئے تھے اس لیے ہم نے روزگار فراہمی پروجیکٹ کے تحت کامرشیل گاڑیاں ،آٹو رکشا ، ای رکشا ،موٹر سا ئیکل ، ٹھیلہ ، سائیکل رکشا ، سلائی مشین ، ریڈ یمیڈ کپڑوں کا اسٹاک ، دوکانوں کا کرایہ دیکر متاثرین کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کا بیڑا اٹھایا۔ گھروں کی تعمیر نو کے تحت ایسے 91 گھروں کو دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے جن کو فسادیوں نے جلا دیا تھا ، تعمیر نو اور مرمت میں ایسی 18 دوکانیں اور کچھ بڑے کاروباری یونٹ شامل ہیں جن کوفسادیوں نے لوٹ کر آگ کے حوالے کر دیا تھا ۔ وژن 2026 ایسے خاندانوں کے بچوں کو مستقل تعلیمی امداد فرام کر رہا ہے جن کے گھروں کے لوگ فساد میں قتل کر دیے گئے تھے، 45 یتیم بچوں اور 15 بیوہ خواتین کی مالی امداد کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم فساد متا ثرہ علاقوں کے 114ہونہار بچوں کو اسکالر شپ بھی دے رہے ہیں جن کی تعلیم متاثر ہوگئی تھی ۔
پی کے نوفل نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وژن 2026 کی جانب سے ہنگامی حالات میں فوری طور پر7000 سے زائد فوڈ کٹ کھانے پینے کی اشیا فراہم کی گئیں ، 2100 سے زائد لوگوں کو طبی امداد دی گئی ، 1500 سے زائد فساد متاثرین کو راشن پہونچا یا گیا ، 160 سے زائد متاثرین کو قانونی امداد فرام کی گئی ، اور 800 سے زائد لوگوں کو کپڑے پہونچائے گئے اور آج بھی ایسے کئی زخمی لوگوں کا علاج جاری ہے اور ان کے گھروں کو راشن پہونچایا جا رہا ہے ۔
پی کے نوفل نے کہ فساد متاثرہ علاقوں میں پائیدار ترقی کے پیش نظر وژن 2026 برج پوری بہت جلد میں ایک چار منزلہ کمیونٹی سینٹر قائم کرے گا جس میں میڈیکل سینٹر ، وکیشنل ٹریننگ ، اسکل ڈیولپمینٹ ، خواندگی ، کریر گائیڈینس ، کونسلنگ اور خواتین کے بہبود کے پروگرام چلائے جائیں گے، انہون نےکہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کو ایک باوقار زندگی گزارتے دیکھنا چاہتے ہیں ۔

Leave a Reply