ایودھیا میں شاندار رام مندر کی تعمیر کا کام مکمل ہونے کے بعد ان کی حکومت بزرگوں کو مفت میں بھگوان رام کے درشن کرائے گی۔
نواب علی اختر
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بدھ کے روز علی الاعلان رام بھگتی کا مظاہرہ کرتےہوئے کہا کہ دہلی کی عام آدمی پارٹی کی حکومت’رام راج‘ کے اصولوں پر عمل کر رہی ہے۔ کیجریوال نے یہ بھی کہا کہ ایودھیا میں شاندار رام مندر کی تعمیر کا کام مکمل ہونے کے بعد ان کی حکومت بزرگوں کو مفت میں بھگوان رام کے درشن کرائے گی۔
دہلی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے موقع پر لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے دوران کیجریوال نے کہا کہ ’رام راج‘ ایک تصور ہے۔ میں بھگوان رام اور ہنومان کا پرستار ہوں ، ہم ’رام راج‘ کے تصور سے متاثر ہوکر 10 اصولوں پر عمل پیرا ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ کے مطابق یہ 10 اصول کوئی بھوکا نہ سوئے، بچوں کو ا چھی تعلیم ، سبھی کو بہتر علاج ،24×7 مفت بجلی ، سبھی کو مفت پانی ، سبھی کو روزگار ، بے گھروں کو مکان ، خواتین کو تحفظ ، بزرگوں کا احترام ، سبھی کو یکساں حقوق ہیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ دہلی میں کسی کو بھوکا نہیں سونا چاہئے۔ ہر بچہ کو خواہ وہ غریب ہو یا امیر ،سب کو معیاری تعلیم ملنی چاہئے اور ہر ایک کو علاج ملنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی راجدھانی میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے 6 سالہ دور اقتدار میں تعلیم کے میدان میں جو کام ہوا ہے اسے ایک انقلاب کے طور پر د یکھا جارہا ہے کیونکہ ہم نے ایسا نظام بنایا ہے جس میں سماج کے ہرطبقے کے بچے کو اچھی تعلیم دی جارہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ دہلی میں غریبوں کے بچوں کو بھی تعلیم دی جارہی ہے، وہ فراٹے دار انگریزی بول رہے ہیں، انجینئر اور ڈاکٹر بن رہے ہیں۔ کجریوال نے کہا کہ اے اے پی حکومت کے نظام تعلیم کا ہی کمال ہے کہ آج دہلی کے سرکاری اسکولوں کے نتائج 98 فیصد آرہے ہیں، اسکولو ں کی عمار تیں شاندار نظر آرہی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو کا م دہلی میں پانچ سال میں ہوگیا وہ 70 سالوں میں نہیں ہوا۔ کجریوال نے کسی پارٹی کا نام لئے بغیر دعوی کیا کہ پچھلے 70 سالوں میں اس ملک کے اوپر جن پارٹیوں نے راج کیا انھوں نے تعلیم کے نظام کو بہتر نہیں کیا۔
کیجریوال نے کہا کہ ملک کے لوگوں کو سازش کے تحت جان بوجھ کر ان پڑھ رکھا گیا تاکہ ان سے سوال پوچھنے والا کوئی نہ ہو۔
کورونا وبا کا ذکرکرتے ہو ئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ہرایک کریڈٹ لینے کی فراق میں ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی کام ایک آدمی یا سرکار نہیں کرسکتی ہے، اس کے لئے سب کو مل کرکام کرنا ہوتا ہے۔اسی طرح کور و نا میں سب نے مل کر کا کام کیا حالانکہ سب سے زیادہ ڈاکٹر وں نے کام کیا جو جان لیوا بیماری سے متاثر مریضوں کے بیچ رہ کران کا علاج کر رہے تھے اس لئے ایوان ڈاکٹروں، سائنسدانوں سمیت سبھی کا خا ص طور پر شکریہ ادا کرتا ہے۔

Leave a Reply