ڈھاکہ جامع مسجد کے امام مولانا نذر المبین ندوی نے لی کرونا ویکسین کی پہلی خوراک 








موتیہاری: (ملت ٹائمز – فضل المبین)  کورونا وائرس کو ختم کرنے کے لئے پورے ملک میں چلائی جانے والی کووڈ – 19 ویکسین مہم میں شمولیت کی غرض سے جمیعت علماء مشرقی چمپا رن کے نائب صدر و ڈھاکہ جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا نذر المبین ندوی نے منگل کے روز کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لی ۔ اس موقع پر انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ کورونا جیسی مہلک بیماری سے اپنے آپ کو بچانے کے لئے ہر ممکنہ طریقوں کو استعمال کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس مہلک بیماری سے بچنے کے لئے ملک کی عوام کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ : ویسے حضرات جن کی عمر 45 سے زائد ہے اور وہ کسی مرض میں مبتلا ہیں یا ویسے لوگ جن کی عمر 60 برس سے زیادہ ہے اُنہیں ٹیکہ لگایا جا رہا ہے میں بھی گردے کا مریض ہوں ۔  سرکاری طور پر مجھے کووڈ-19 سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے لئے ویکسین لینے کے لئے کہا گیا تھا، اس لئے ہم نے از خود سرکاری اسپتال پہنچ کر ٹیکہ لگوا لیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ: مذکورہ ویکسین سے متعلق بہت ساری افواہیں پھیلائی جارہی ہیں لیکن ابھی تک کوئی ایسی بات سامنے نہیں آ ئی ہے جس کی بناءپر کورونا ویکسین کو لینے میں کوئی قباحت محسوس ہوتی ہو۔ اخیر میں اُنہوں نے کہا کہ اس ویکسین کو لینا یا نہ لینا ہر ایک شخص کا اپنا ذاتی فیصلہ ہے، لیکن ہم عوام سے یہی اپیل کرتے ہیں کہ کورونا جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کے لئے ہر ممکنہ طریقے اپنائے جائیں اور فیس ماسک لگانے کے ساتھ ساتھ سوشل ڈسٹنسنگ کا ضرور خیال رکھا جائے، تاکہ اس مہلک بیماری کو ختم کیا جا سکے۔

واضح ہو کہ : کل پیر کو اسلامی تعلیم کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی، ادارہ کے نائب مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی کے ہمراہ دیوبند کے سرکاری اسپتال پہنچے اور انہوں نے بھی کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کے لئے ویکسین کا پہلا ٹیکہ لگوایا ہے ۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *