دینی و جماعتی مشن کے استحکام اور مدارس اسلامیہ کے تحفظ وترقی کے لئے کام کرنا وقت کا اہم ترین تقاضا: مولانا عاطف سنابلی
جامعہ اسلامیہ سنابل نئی دہلی ملک کاایک عظیم اور ممتاز تعلیمی وتربیتی ہے اس کی اپنی ایک حیثیت اور انفرادی شناخت ہے، اس لئے اس کے فارغین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مقام کو سمجھیں اور ملک وملت اور جماعتی مشن کے فروغ واستحکام میں ذمہ دارانہ رول اور موثر کردار ادا کریں، ان خیالات کااِظہار مورخہ ۲۴؍مارچ بروز بدھ بوقت بعد نمازمغرب کرلا کی قدیم اور تاریخی مسجد فیت والا کمپاؤنڈ میں رابطہ ابنائے سنابل کے سرپرست، ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر نئی دہلی کے صدر حضرت مولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی نے رابطہ ابنائے قدیم سنابل (ممبئی یونٹ) کی ایک اہم مشاورتی میٹنگ میں کیا ،
مجلس کی صدارت فرمارہے رابطہ ابنائے قدیم سنابل کے سرپرست مولانا محمد رحمانی نے کہا کہ والد گرامی کی وفات کے بعد مرکز کی صدارت کے طور پر میرے سرپر بہت بڑی ذمہ داری اورامانت ڈالی گئی ہے، آپ سب کو معلوم ہونا چاہئے کہ مرکز کو چلانا اور اس کے لئے مالیات کی فراہمی ایک بہت بڑا چیلنج ہے، لیکن آپ سنابلی برادران اور اکثر ابنائے سنابل سے شروع ہی سے حوصلہ ملتا رہا ہے اور پورے ملک بلکہ پوری دنیا سے ہمارے سنابلی برادران ہمیں والد گرامی کے شجر ثمر آورکو ترقی دینے اور اس کے مسائل کو حل کرنے میں ہمیشہ دل کھول کر ہرطرح کا قیمتی تعاون دیتے رہے ہیں، اگر اس موقع سے میں آپ سب بھائیوں کا اور پورے عالم عرب وعجم میں مختلف میادین اور شعبہائے حیات میں سرگرم عمل تمام سنابلی بھائیوں کا شکریہ ادانہ کروں، تو نا انصافی ہوگی ،اس موقع سے اپنے جذبات واحساسات کا اظہار کرتے ہوئے مولانا رحمانی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو معیاری مستوی پر لیکر چلنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے، لیکن اللہ کی توفیق سے راستے آسان ہوتے ہیں۔
مولانانے کہا کہ اللہ کے فضل واحسان سے پورے عالم میں جامعہ اسلامیہ سنابل نئی دہلی اور اس کے فارغین کی اپنی ایک شناخت اور انفرادی وامتیازی حیثیت ہے، اس لئے اپنی اس حیثیت اور شناخت کی قدردانی اور اس کا مثبت اور مفید استعمال یہ ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے،ملک وملت کی تعمیر،سماج ومعاشرہ کی اصلاح وتطہیراور جماعتی مشن کے استحکام وفروغ میں اپنا قیمتی اور ذمہ دارانہ ومخلصانہ رول اداکریں،موجودہ الحاد ودہریت اور مادہ پرستی کے دور میں دینی تعلیم وتربیت کے حوالے سے بیداری لائیں، مدارس کے تحفظ وبقا اور ان کے عروج واقبال کے لئے عوام کی ذہن سازی کریں،ملت کی صحیح رہنمائی کریں، مادرعلمی کے تعاون، باہم اپنے اخوان میں سے کسی ضرورتمند بھائی کاتعاون اور جماعتی ودینی سرگرمیوں کے لئے آپسی رابطہ اور تعلق کو مضبوط اور وسیع کریں۔
رابطہ ابنائے قدیم سنابل ( ممبئی ) کے صدر اورخطیب وامام جامع مسجد اہل حدیث خیرانی روڈ مولاناعاطف سنابلی نے تمام شرکاء مجلس کا شکریہ اداکرتے ہوئے مادر علمی اور ادارہہکے ہر ممکن تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ہندوستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے ایک عظیم دینی ادارہ کے فارغ ہیں، ہم سب کی ذمہ داریاں بہ نسبت اوروں کے کچھ زیادہ ہیں، اس لئے ہمیں ملک وملت، وطن عزیزاور سماج ومعاشرہ کے لئے ہمیشہ مفید، مثبت اور نفع بخش کام ہی کرنا چاہئے۔
مولانا عاطف نے کہا کہ مدارس اسلامیہ دین اسلام کے تحفظ وترویج کا اصل مرکز،افرادسازی اور رجال سازی کا کارخانہ ہیں، یہیں سے دین ودعوت کے میدان کے ماہرین پیدا ہوتے ہیں،جو دین کے فروغ واشاعت اور ملی استحکام کا کام اپنے اپنے میدانوں میں اپنی اپنی صلاحیتوں اور ذوق وفکرکے بقدر انجام دیتے ہیں، اس لئے مدارس کے تحفظ، دینی مکاتب کی ترقی، ان کی خدمات کو مؤثر ومفید بنانے کے لئے کام کرنا اور ان کے اقبال وعروج کے لئے کوششیں کرنا ایک پاکیزہ اور مقدس مشن ہے، پوری امت اسلامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مدارس ومکاتب اسلامیہ کی حیثیت اور ضرورت کو محسوس کریں،بالخصوص مدارس کے فارغین ہم سب کی زیادہ ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کو اسلامی مدارس اور دینی جامعات سے جوڑیں، لوگوں کو تعاون وتائید اور ان سے وابستگی پر تربیت دیں۔
مولانا عاطف سنابلی نے کہا کہ حالات کے معمول پر آنے کے بعد ان شاء اللہ رابطہ ابنائے قدیم سنابل کو متحرک اور فعال بنانے پر غور کیا جائے گا، اور مستقل عملی اقدامات کے جائیں گے، عاطف سنابلی نے تما م سنابلی اخوان اورابناء قدیم سے رابطہ ابنائے قدیم سے جڑنے اور اس کا ممبر بننے کی اپیل کی، مجلس میں شیخ شمیم فوزی سنابلی مدنی، شیخ عنایت اللہ سنابلی مدنی، شیخ کفایت اللہ سنابلی، شیخ عبدالشکور عبدالحق سنابلی مدنی، شیخ صلاح الدین سنابلی، شیخ اختر سنابلی اور دیگر سینئر وجونیئر ابنائے سنابل اور رابطہ کے اہم ذمہ داران ایک اچھی تعداد میں شریک رہے، اور سبھوں نےاپنی اپنی رایوں کا اظہار کیا ،اپنے قیمتی مشوروں سے نوازا، اور مادر علمی کے تعاون پر زوردیا،مجلس کے انعقاد واہتمام اور کامیابی میں رابطہ ابنائے سنابل ممبئی کے رابطہ عامہ کے مدیر شیخ اسلم صیاد سنابلی کا اہم رول رہا۔

Leave a Reply