جامعہ رشیدالعلوم چترا کے استاد حدیث مولانا شمیم احمد کا انتقال، لاکھوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک






چترا: جامعہ رشیدالعلوم چترا میں ایک طویل عرصہ سے درس و تدریس کا فریضہ انجام دینے والے مایہ ناز مدرس، خانقاہ رشیدیہ چترا کے خطیب و متولی حضرت مولانا شمیم احمد قاسمی کا بتاریخ 17 اپریل 2021 کو مختصر علالت کے بعد تقریباً 63 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔
مرحوم سادگی پسند، متواضع اور مرنجا مرنج صفات کے حامل تھے۔ خوش مزاجی اور ملنسار طبیعت میں موجود تھی۔ چھوٹے بچوں کے ساتھ بڑی شفقت و ہمدردی سے پیش آتے تھے۔
آپ کا انتقال شہر چترا ہی نہیں بلکہ پورے جھارکھنڈ کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے۔
مرحوم دارالعلوم دیوبند اور مظاہر علوم سہارنپور کے فارغ التحصیل تھے۔ فراغت کے بعد تقریباً تین سال اورا ضلع گریڈیہہ میں تدریسی خدمات انجام دی اس کے بعد مدرسہ تجویدالقرآن سمڈیگا جھارکھنڈ میں بحیثیت استاد آپ کا تقرر عمل میں آیا اور تقریباً پانچ سالوں تک اپنے درس سے طلباء کو مستفید کرتے رہے۔ اس کے بعد مولانا شفیق رشیدی مہتمم جامعہ رشید العلوم چترا کے اصرار پر آپ سمڈیگا سے اپنے آبائی وطن چترا آگئے اور تاحیات جامعہ میں درس وتدریس کے ساتھ تعلیمی امور کی دیگر ذمہ داریاں بحسن و خوبی انجام دیتے رہے۔ نیز خانقاہ رشیدیہ چترا کے سجادہ نشین اور جھارکھنڈ کے پیر و مرشد مولانا ذوالفقار احمد رشیدی رحمۃ اللہ علیہ نے خانقاہ مسجد میں جمعہ کی خطابت اور مسجد کی نگرانی آپ کے سپرد کی اسے بھی تاحیات بڑی خوبی سے انجام دیا اور کبھی کسی کو شکایت کا موقع نہیں دیا۔
آپ کے انتقال پر جھارکھنڈ کے مؤقر علماء کرام اور عمائدین شہر چترا نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور پسماندگان سے تعزیت کی۔
آپ کے شاگردوں کی ایک بڑی تعداد ملک و بیرون ملک میں دینی خدمات انجام دے رہے ہیں، جو مرحوم کے لیے صدقہ جاریہ ہے۔
مرحوم کی نماز جنازہ جامعہ رشیدالعلوم چترا کے وسیع و عریض صحن میں ادا کی گئی اور لاکھوں سوگواروں کی موجودگی میں قبرستان وادی عرفاں چترا میں سپرد خاک کیا گیا۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *