نئی دہلی: (پریس ریلیز) آج اس خبر نے پوری اردو دنیا کو سوگوار کر دیا کہ غالب انسٹی ٹیوٹ، دہلی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید رضا حیدر کا انتقال ہوگیا، انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اس خبر پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ڈاکٹر رضا حیدر کی وفات سے ہم اردو کے ایک مخلص خادم سے محروم ہوگئے. وہ بہت سرگرم شخصیت کے مالک تھے. بہت سرگرمی کے ساتھ اردو کی خدمت انجام دے رہے تھے اور مستقبل میں بھی اُن سے امیدیں وابستہ تھیں، لیکن قدرت کو یہ منظور نہیں تھا۔”
ڈاکٹر منظور عالم نے ڈاکٹر رضا حیدر کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ” گزشتہ دنوں رضا حیدر نے انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز میں “موجودہ انسانی مسائل اور تخلیقی ادب” کے موضوع پر منعقد ہونے والی ایک مجلسِ مذاکرہ میں شرکت کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ اپنی دہلی آمد کے وقت سے ہی انسٹی ٹیوٹ کی سرگرمیوں سے واقف رہے ہیں اور اس کی سرگرمیوں کو بنظر استحسان دیکھتے رہے ہیں. مذکورہ مجلسِ مذاکرہ میں انسانیت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تخلیق کیے جانے والے ادب کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی. اس کمیٹی میں پروفیسر قاضی عبیدالرحمان ہاشمی اور پروفیسر ظفر حبیب کے ساتھ ڈاکٹر سید رضا حیدر بھی شامل تھے۔ اُن کے اخلاص کا ہی نتیجہ تھا کہ انھوں نے مذکورہ منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے انسٹی ٹیوٹ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا تھا۔ افسوس کہ جلد اُن کا وقتِ آخر آگیا اور وہ اپنے رب کے حضور حاضر ہوگئے. اپنی خدمات کی بناء پر وہ تادیر یاد کیے جائیں گے.”
اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔