نئی دہلی: (پریس ریلیز) ہندستانی مسلمانوں کی وفاقی تنظیم آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر جناب نوید حامد نے گزشتہ جمعہ اسرائیلی دہشت گرد فوج کے ذریعے مسجد اقصی رمضان میں عبادت میں مشغول پرامن فلسطیینیوں پر دہشت گردانہ حملوں کی جن میں سینکڑوں نمازی زخمی ہوئے ہیں اسکی سخت مذمت کی ہے۔
صدر مشاورت نے ان حملوں کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی، انسانیت کے خلاف جرم اور عالم اسلام کی حمیت کو چیلنج قرار دیا ہے۔
صدر مشاورت نے ان حملوں اور شیخ جرّہ سے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے جبری اور غیر قانونی طور پر نکالے جانے کا اور انکی جائیدادوں پر غاضبانہ قبضوں کی عالمی برادری کے ذریعے فوری انکوائری کی مانگ کی ہے۔
صدر مشاورت نے کہا کہ اسرائیل کی افواج کا پرامن نمازیوں جن میں بوڑھے، بچے اور خواتین سب شامل ہیں پر یہ حملے انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں جسکا فوری نوٹس لیا جانا چاہئے اور ان حملوں میں شامل اسرائیلی دہشت گرد قصور وارں پر بین الاقوامی جرائم عدالت میں مقدمہ چلنا چاہئے۔
صدر مشاورت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فلسطینیوں کی اس آزمائش کی گھڑی میں مشاورت نہتے فلسطینی عوام جو غاضب اسرائیلی صیہونیت کے ظلم کا نشانہ بن رہے ہیں ان کے ساتھ مشاورت اپنی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔