مولانا ظفر اقبال مدنی جامعۃ القاسم کے کارگزار مہتمم منتخب

امام قاسم اسلامک ایجوکیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے مجلس عاملہ نے کیا انتخاب

سوپول: جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ مدہوبنی سپول کے بانی حضرت مولانا ڈاکٹر مفتی محفوظ الرحمن عثمانی کی وفات کے بعد جہاں پوری ملت سوگوار ہے ،وہیں ان کے مشن کو بنا کسی تعطل کے جاری رکھنے کیلئے آج یہاں مجلس عاملہ نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے مرحوم کے لائق فرزند مولانا ظفر اقبال مدنی کو کارگزار مہتمم منتخب کیا ۔ حضرت مفتی صاحب نے جامعہ کی بنیاد سے آخر تک پوری جدوجہد اور محنت و کوشش سے پروان چڑھایا اور پوری دنیا میں جامعۃ القاسم کا تعارف کرایا، ملک اور بیرون ملک اکابرین علماء بزرگانِ دین دانشوران اور ماہرین تعلیم کوجامعہ لاتے اور ان سے فائدہ اٹھاتے رہے، ان کامشن اس سرزمین پر اسلامک یونیورسٹی کے قیام کا تھا اور اس کی کوشش بھی کررہے تھے، لیکن اس سے پہلے وہ اچانک مالک حقیقی سے جاملے۔ خیال رہے کہ جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ امام قاسم اسلامک ایجوکیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کےزیر اہتمام چل رہا ہے،  ٹرسٹ کے اراکین نے آج یہاں ایک میٹنگ کی اور اتفاق رائے سے مولانا ظفر اقبال مدنی کو کارگزار مہتمم منتخب کیا۔نئی ذمہ داری ملنے پر اپنے والد مرحوم کے جانشیں  مولانا ظفر اقبال مدنی نےکہا کہ ان کی کوشش رہےگی کہ حضرت کے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کروں، اس کیلئے مجھے سبھوں کی معاونت اور رفاقت چاہیے، خدا مجھے وہ ہمت و حوصلہ  دے کہ میں ادھورے خوابوں کو پورا کرسکوں۔ اس موقع پر ٹرسٹ کے رکن مولانا حمیدالدین مظاہری، مولانا علی احمد رازی ، مظہر حسین عثمانی ناظم جامعۃ القاسم ، صدرالمدرسین مفتی محمد انصار قاسمی ، ناظم تعلیمات مفتی عقیل انور مظاہری ، سیمانچل ڈیولپمنٹ فرنٹ کےجنرل سیکرٹری شاہ جہاں شاد کے علاوہ اساتذہ اور کارکنان جامعہ موجود تھے۔ واضح رہے کہ میٹنگ قاری مشتاق احمد عثمانی کی تلاوت سے شروع ہوا، ناظم تعلیمات مفتی عقیل انور مظاہری نے تعزیت مسنونہ پیش کی، مولانا ظفر اقبال مدنی  کے دعا پر میٹنگ مکمل ہوئی۔