جماعت اسلامی ہند کی شریعہ کونسل کے ویب سائٹ کا اجرا

نئی دہلی: (پریس ریلیز)  جماعت اسلامی ہند کی شریعہ کونسل کا افتتاح کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہورہی ہے۔ اس کے ذریعہ انشاء اللہ مسلم امت کی شرعی رہنمائی کی اہم خدمت انجام پائے گی“ ان خیالات کا اظہار جناب سید سعادت اللہ حسینی امیر جماعت اسلامی ہند نے آج شریعہ کونسل کی ویب سائٹ کا اجرا کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ میں نے فقہ و فتاویٰ کے ویب سائٹس دیکھی ہیں۔ دارالعلوم دیوبند اور اسلام کیو اے کے بعد یہ تیسری ویب سائٹ ہے جس پر فتاویٰ کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ ابتدا میں شریعہ کونسل کے سکریٹری ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی نے ویب سائٹ کا تعارف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ شریعہ کونسل کے قیام کو دو برس کا عرصہ ہوا ہے۔ اس عرصہ میں کونسل میں جدید مسائل میں شرعی رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔ اب ویب سائٹ کے ذریعہ اس کی خدمت کا دائرہ وسیع ہوگا۔ اس ویب سائٹ میں فقہی کتب اور ویڈیو کو بھی شامل کیا گیا ہے اور اس کا آپشن بھی موجود ہے کہ نئے مسائل دریافت کئے جاسکیں۔ کونسل کے صدر مولانا سید جلال الدین عمری نے فرمایا کہ فتاویٰ کے علاوہ جماعت اسلامی ہند کے علماء نے فقہی موضوعات پر کتابیں اور مقالات لکھے ہیں ، انہیں بھی جمع کرنے اور ان کے تعارف و تجزیہ کی طرف توجہ دی جانی چاہئے۔ ویب سائٹ کے اجرا کے موقع پر جماعت کے نائب صدر ، سکریٹریز اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ شریعہ کونسل کے ویب سائٹ کو کھولنے کے لئے اس لنک کو کلک کریں Shariahcouncil.net